راجستھان: بی جے پی رکن اسمبلی حبیب الرحمن اور رکن پارلیمنٹ مینا کانگریس میں شامل

راجستھان میں آئندہ 7 دسمبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے ٹکٹ نہ ملنے پر ناراض بی جے پی کے ناگور سے رکن اسمبلی حبیب الرحمن اور دوسا سے رکن پارلیمنٹ ہریش چندر مینا کانگرس میں شامل ہوگئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جے پور: راجستھان میں آئندہ 7 دسمبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے ٹکٹ نہیں ملنے پر ناراض بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ناگور سے رکن اسمبلی حبیب الرحمن آج پھر کانگریس میں شامل ہوگئے۔

حبیب الرحمن نے یہاں کانگریس ریاستی دفتر میں رکن پارلیمان رگھو شرما اور ریاستی کانگریس کی نائب صدر ڈاکٹر ارچنا شرما کی موجودگی میں کانگریس کی رکنیت لی۔ اس موقع پر منعقدہ پریس کانفرنس میں حبیب الرحمن نے کہا کہ انہوں نے بلا شرط اپنی گھر واپسی کی ہے اور پارٹی کی خواہش کے مطابق کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد محمد عثمان بھی کانگریس کے امیدوار کے طورپر دو مرتبہ رکن اسمبلی رہے تھے۔

رگھو شرما نے کہا کہ بی جے پی میں ایسے حالات بن گئے ہیں کہ اس کے لیڈر گھٹن محسوس کرنے کی وجہ سے اس سے آزادی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا اس لئے آج بی جے پی کے رکن پارلیمان ہریش مینا کانگریس میں شامل ہوگئے ہیں۔

خیال رہے کہ حبیب الرحمن نے 2008 کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کا ٹکٹ نہ ملنے پر بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے اور مسلسل ناگور سے دو مرتبہ بی جے پی کے امیدوار کے طورپر رکن اسمبلی رہے۔ اس سے پہلے وہ کانگریس امیدوار کے طورپر منڈوا اسمبلی حلقہ سے 1999، 1993اور 1998میں کانگریس کے امیدوار کے طورپر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

گہلوت نے کہا کہ راجستھان کانگریس میں اندرونی لڑائی کی رپورٹ بے بنیاد ہے اور بی جے پی کے ذریعہ پھیلائی جارہی ہے۔ ہم متحد ہوکر اسمبلی انتخابات لڑ رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق گہلوت کے جودھپور کی سردار پورا اسمبلی سیٹ سے الیکشن لڑنے کی امید ہے جبکہ پائلٹ کی سیٹ کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ کانگریس نے ریاستی یونٹ میں پھوٹ کے اندیشہ کے پیش نظر وزیراعلی کے امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے جبکہ بی جے پی وزیراعلی وسندھرا راجے کی قیادت میں الیکشن لڑ رہی ہے۔

ہریش مینا بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل

ادھر بھارتیہ جنتا پارٹی کے دوسا سے رکن پارلیمان ہریش چندر مینا بھی کانگرس پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔ مینا کانگریس کے سینئر رکن، سابق وزیراعلی اشوک گہلوت اور راجستھان ریاستی کانگریس یونٹ کے صدر سچن پائلٹ کی موجودگی میں پارٹی میں شامل ہوئے۔ راجستھان کے لئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے انچارج اویناش پانڈے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

گہلوت نے پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ مینا کا کانگریس میں استقبال کرتے ہیں۔ پائلٹ نے کہا کہ مینا بلا شرط پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔

ہریش مینا نے 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں اپنے بڑے بھائی اور کانگریس کے سینئر لیڈر نمونارائن مینا کو دوسا لوک سبھا سیٹ پر شکست دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 14 Nov 2018, 9:09 PM