لکھیم پور سے بی جے پی رکن اسمبلی اروند گری کا حرکت قلب کے بند ہونے سے انتقال، یوگی کا اظہار افسوس

وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، اسمبلی اسپیکر ستیش مہانا، نائب وزیر اعلی کیشو موریہ اور بی جے پی کے ریاستی صدر بھوپیندر چودھری نے ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

بی جے پی ایم ایل اے اروند گری / آئی اے این ایس
بی جے پی ایم ایل اے اروند گری / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: لکھیم پور کھیری ضلع کی گولا گوکرنا ناتھ سیٹ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم ایل اے اروند گیری کا منگل کے روز حرکت قلب کے بند ہونے سے انتقال ہو گیا۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، اسمبلی اسپیکر ستیش مہانا، نائب وزیر اعلی کیشو موریہ اور بی جے پی کے ریاستی صدر بھوپیندر چودھری نے ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

اروند گری گولا اسمبلی سے پانچ بار ایم ایل اے رہ چکے تھے۔ اہل خانہ کے مطابق وہ صبح 5 بجے تیار ہو کر اپنے گھر سے لکھنؤ کے لیے روانہ ہوئے تھے، راستے میں اٹیریا کے قریب کار میں انہیں دل کا دورہ پڑا۔ ان کے ساتھ موجود ساتھی انہیں نجی اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ ایم ایل اے کے گھر پر لوگوں کا ہجوم ہے اور اچانک انتقال سے سبھی صدمے میں ہیں۔


اطلاعات کے مطابق کار میں سفر کے دوران ایم ایل اے اروند گری کو سینے میں شدید درد ہونے لگا۔ انہوں نے ڈرائیور کو اپنی خراب صحت کے بارے میں بتایا۔ ڈرائیور نے فوراً کسی کو فون کر کے اطلاع دی۔ اروند گری کو اسپتال لے جایا گیا لیکن تب تک ان کی سانسیں رک چکی تھیں۔

ایک روز قبل ہی ایم ایل اے اروند گری گولا کے چھوٹی کاشی کے کاریڈور کی تعمیر کو لے کر کافی پرجوش نظر آ رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ چھوٹی کاشی کے کاریڈور کے سلسلے میں لکھنؤ جا رہے تھے لیکن اس سے پہلے ہی ایم ایل اے کا سفر ہمیشہ کے لیے ختم ہو گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔