بی جے پی نے مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی زندگیوں کو مشکل میں ڈال دیا: اکھلیش یادو

اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت جو بدعنوانی اور جھوٹے پروپیگنڈے کی مدد سے اقتدار میں رہنا چاہتی تھی، اس نے مہنگائی کی وجہ سے عوام کی زندگیوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے

اکھلیش یادو / آئی اے این ایس
اکھلیش یادو / آئی اے این ایس
user

یو این آئی

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت جو بدعنوانی اور جھوٹے پروپیگنڈے کی مدد سے اقتدار میں رہنا چاہتی تھی، اس نے مہنگائی کی وجہ سے عوام کی زندگیوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔

اکھلیش یادو نے جمعہ کے روز کہا کہ بی جے پی بڑھتی مہنگائی کو روکنا نہیں چاہتی۔ ریاستی کابینہ میں رسہ کشی کھل کر سامنے آ رہی ہے اور حکومت اور نوکرشاہی کے درمیان رسہ کشی رکنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ ایک کے بعد ایک انتخابی چکر میں بی جے پی کی ڈبل انجن والی حکومت اقتدار کو برقرار رکھنے کے لیے طاقت کا غلط استعمال کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'بہت ہوئی مہنگائی کی مار، اب کی بار بی جے پی سرکار' کا نعرہ دے کر اقتدار میں آنے والی بی جے پی حکومت نے مہنگائی کے بے رحمانہ حملے سے عوام کی زندگی مشکل میں ڈال دی ہے، لیکن ڈبل انجن بی جے پی حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔ مہنگائی نے عام آدمی کی آمدنی چھین لی ہے۔ یہ بی جے پی کے دور حکومت میں کھلی زیادتی ہے۔ بڑے سرمایہ دار منافع کمانے کی دوڑ میں غریبوں کا استحصال کرنے میں مقابلہ کر رہے ہیں۔ سبزیاں مہنگی، امول کے بعد پیراگ نے بھی دہی اور چھینے کی قیمتیں بڑھا دیں۔ بازار میں سامان کا وزن کم ہو رہا ہے، یہ جیب پر ڈاکہ ہے۔


ایس پی صدر نے کہا کہ حکومت سے غریبوں کی خوشی برداشت نہیں ہوتی۔ لوگ آواس وکاس پریشد کے کمیونٹی سینٹرز کا استعمال شادیوں اور دیگر خاندانی تقاریب کے لیے کرتے ہیں، حکومت پیسہ کمانے کے لیے انھیں نجی ٹھیکیداروں کے حوالے کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ بی جے پی حکومت نے ایک اور سروے کرانے کا ذہن بنا لیا ہے، جس کے تحت چار ایکڑ سے زیادہ زمین اور 10 لاکھ کی گاڑی کے مالکان کو امیر تصور کیا جائے گا۔ بچوں کی تعلیم، ٹیوشن، ایک ماہ میں کپڑوں کی خریداری، شیمپو، موبائل، ڈرائی فروٹس کے استعمال کا بھی حساب لیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔