’یوگی آدتیہ ناتھ کو ٹکٹ تک نہیں دے رہی ہے بی جے پی‘، اکھلیش یادو کا حیرت انگیز دعویٰ

اکھلیش یادو نے کہا کہ یوگی حکومت میں کسانوں، نوجوانوں، غریبوں اور محروم خاندانوں کی حالت بہت خستہ ہے، اس لیے بی جے پی کو ’جن معافی یاترا‘ نکال کرمعافی مانگنی چاہیے۔

اکھلیش یادو، تصویر آئی اے این ایس
اکھلیش یادو، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

گونڈہ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے جمعہ کو اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے بڑے لیڈر خود وزیر اعلی سے پریشان ہیں، اسی لیے انہیں اسمبلی کا ٹکٹ تک نہیں مل رہا ہے۔ جمعہ کو یہاں ایک پروگرام میں حصہ لینے آئے اکھلیش نے صحافیوں کے ایک سوال کے جواب میں دعویٰ کیا کہ وزیر اعلیٰ یوگی بی جے پی کے رکن ہی نہیں ہیں۔

پنجاب میں وزیر اعظم نریندر مودی کی سیکورٹی میں کوتاہی پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ پنجاب حکومت کو مودی کو جلسہ گاہ تک جانے دینا چاہیے تھا، جس سے انہیں وہاں خالی کرسیوں کو دیکھ کر پنجاب میں بی جے پی کی صحیح حالت کا پتہ چلتا۔


اکھلیش یادو نے بی جے پی پر جھوٹے اشتہارات سے عوام کو ورغلانے کا الزام بھی لگایا۔ انھوں نے کہا کہ ایس پی حکومت کے منصوبوں کو اپنا بتا کر بی جے پی عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں پر آوارہ جانوروں سے کسان اور راہ گیر پریشان ہیں، لیکن اس سمت میں کوئی قدم نہیں اٹھایا جا رہا۔ یوگی حکومت میں پریشان کسانوں، نوجوانوں، غریبوں اور محروم خاندانوں سے بی جے پی کو ’جن معافی یاترا‘ نکال کرمعافی مانگنی چاہیے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔