بی جے پی نے اروند کیجریوال کو قتل کرنے کی سازش کی: منیش سسودیا

دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے کہا کہ بی جے پی گجرات اور دہلی کارپوریشن انتخابات میں اپنی شکست سے اتنی خوفزدہ ہے کہ اس نے اب وزیر اعلی اروند کیجریوال کو قتل کرنے کی سازش شروع کر دی ہے

منیش سسودیا / ویڈیو گریب
منیش سسودیا / ویڈیو گریب
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) گجرات اور دہلی کارپوریشن انتخابات میں اپنی شکست سے اتنی خوفزدہ ہے کہ اس نے اب وزیر اعلی اروند کیجریوال کو قتل کرنے کی سازش شروع کر دی ہے۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے سینئر لیڈر سسودیا نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ گجرات اور کارپوریشن کھونے کے خوف سے تنگ آکر بی جے پی اب پارٹی کے قومی کنوینر کیجریوال کو مارنے کی سازش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایم پی منوج تیواری کھلے عام اروند کیجریوال کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ کیجریوال کو بدنام کرنے کی بی جے پی کی تمام سازشیں ناکام ہونے کے بعد اب وہ انہیں قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ کو کھلے عام جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ منوج تیواری کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے، انہیں گرفتار کرکے یہ پوچھنا چاہئے کہ انہیں اس سازش کے بارے میں کیا معلوم تھا۔


انہوں نے کہا کہ دہلی میونسپل کارپوریشن اور گجرات اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کو زبردست عوامی حمایت مل رہی ہے۔ اس کی وجہ سے بی جے پی کی شکست یقینی ہے۔ ایسے میں شکست کا خوف بی جے پی پر اس حد تک حاوی ہو گیا ہے کہ وہ بوکھلا گئی ہے۔ اس الیکشن سے پہلے بی جے پی والوں نے کیجریوال کو بدنام کرنے کی بہت سازشیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ کیجریوال پر حملہ ہوسکتا ہے۔ بڑا سوال یہ ہے کہ تیواری کو کیسے پتہ چلا کہ وزیر اعلیٰ کیجریوال پر حملہ ہو سکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ اس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔ اس معاملے کی شکایت الیکشن کمیشن سے کریں گے۔ ان کے خلاف ایف آئی آر درج کریں گے اور کیجریوال کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے بی جے پی ایم پی تیواری کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔