عام انتخابات سے خوفزدہ بی جے پی، ایودھیا اور دیوالی کو بھنانے کی تیاری

عام انتخابات سے خوفزدہ بی جے پی کی اتر پردیش حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس سال ایودھیا میں تین دن تک دیوالی منا ئی جائے تاکہ عوام کا ذہن مہنگائی سے ہٹ کر مذہب کی جانب مر کوز ہو جائے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

گزشتہ سال مارچ میں اقتدار میں آنے کے بعد یوگی حکومت نے ایودھیا میں بڑے پیمانہ پر ایک دن کی تقریب کا اہتمام کیا تھا جس میں ایک لاکھ دئے جلائے گئے تھے اور اداکار رام، لکشمن اور سیتا کی پوشاک پہن کر ہیلی کاپٹر سے آئے تھے۔

اتر پردیش کی یوگی حکومت اس سال بھی ایودھیا میں 3 نومبر سے 5 نومبر تک تین روزہ دیوالی کی بڑی تقریبات کا اہتمام کرنے جار ہی ہے۔تین روزہ تقریبات میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، گورنر رام نائک اور پوری کابینہ وہاں موجود رہے گی۔

ایودھیا میں ہونے جارہی تقریبات اس سال ہونے والے کمبھ میلے سے پہلے ہوں گی اور جیسا کی خبریں ہیں کہ کمبھ میلہ بھی اس سال بڑے پیمانہ پر منایا جائے گا۔ ایودھیا کی تقریبات کے لئے پیشہ وارانہ ایجنسی اور کنسلٹنٹ کو رکھا گیا ہے۔ اس ایجنسی نے وزیر اعلی یوگی کے سامنے تقریبات کی پریزنٹیشن پیش کی۔

پریزنٹیشن کے دوران چیف سیکریٹری انوپ پانڈے، دیگر وزراء اور افسران موجود رہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلی نے تقریبات کے لئے ہری جھندی دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق تقریبات میں عالمی شہرت یافتہ گروپس کے ذریعہ رام لیلا کا انعقاد کیا جائے گا اور بھجن و دیگر مذہبی پروگراموں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

اس سال دئے پوری ایودھیا میں جلائے جائیں گے جبکہ گزشتہ سال صرف سریو ندی کے کنارے ہی جلائے گئے تھے۔ ریاستی حکومت نے پہلے ہی ایودھیا میں کئی ترقیاتی منصوبےشروع کر دئے ہیں جن میں ہیریٹیج واک، رام کا میوزئم اور رمائن سرکٹ شامل ہیں۔

اتر پردیش کی یوگی حکومت کا ان سب کے پیچھے کا مقصد آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات ہیں کیونکہ حکومت نے نہ تو اپنے وعدے پورے کئے ہیں اور نہ ہی کوئی ترقیاتی کام کیا ہے اوپر سے ملک کی اقتصادی حالات بد سے بد تر ہوئے ہیں اور مہنگائی سے عوام پہلے ہی پریشان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔