بہار: مظفر پور میں کار اور ٹریکٹر کے درمیان شدید ٹکر، 12 افراد ہلاک، کئی زخمی

بتایا جاتا ہے کہ اسکارپیو اور ٹریکٹر کے درمیان ٹکر اس قدر زبردست تھی کہ کار کے پرخچے اڑ گئے اور کئی لوگوں کی موت جائے وقوع پر ہی ہو گئی۔ اس حادثہ کی خبر ملنے کے بعد موقع پر سینکڑوں لوگ پہنچ گئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بہار میں ضلع مظفر پور کے کانٹی تھانہ علاقہ کے سرمس پور کے قریب آج ایک شدید سڑک حادثہ ہوا جس میں 12 افراد کی موت ہو گئی۔ اس واقعہ میں کئی دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ حادثہ کے تعلق سے پولس ذرائع نے بتایا کہ قومی شاہراہ 28 پر نرسنڈہ سے آگے سرمس پور ہیلتھ کیئر کے سامنے اسکارپیو اور ٹریکٹر کی شدید ٹکر سے 12 افراد کی موت ہو گئی ۔ تمام مہلوکین ضلع بکسر میں ’ہر گھر نل کا جل ‘اسکیم کے تحت پائپ لائن بچھانے کا کام کرتے تھے اور ہولی کا تہوار منانے کے لئے گھر واپس لوٹ رہے تھے ۔

بہار: مظفر پور میں کار اور ٹریکٹر کے درمیان شدید ٹکر، 12 افراد ہلاک، کئی زخمی

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق مہلوکین میں رامبلن سہنی اور دھرو نارائن سہنی کی شناخت ہو گئی ہے جبکہ دیگر مہلوکین کی شناخت کا عمل فی الحال جاری ہے ۔ سبھی مہلوکین مظفر پور ضلع کے ہتھوڑی کے سمری گاؤں کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں ۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے شری کرشن میڈیکل کالج اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ اسکارپیو اور ٹریکٹر کے درمیان ٹکر اس قدر زبردست تھی کہ کار کے پرخچے اڑ گئے اور کئی لوگوں کی موت جائے وقوع پر ہی ہو گئی۔ اس حادثہ کی خبر ملنے کے بعد موقع پر سینکڑوں لوگ پہنچ گئے ہیں۔ مقامی لوگوں نے سڑک جام کر دیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسکارپیو میں تقریباً 14 لوگ سوار تھے اور وہ اتر پردیش کی جانب سے آ رہے تھے۔ مظفر پور پہنچتے ہی اسکارپیو کی ٹریکٹر سے ٹکر ہو گئی۔ مہلوکین میں بچے بھی شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔