بہار: آرجے ڈی کے راجیہ سبھا امیدواروں کا اعلان، پریم چند اور امریندر دھاری کو ملا موقع

آرجے ڈی کے ریاستی صدر جگدانند سنگھ نے راجیہ سبھا کے لئے پارٹی کے دو امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بہار سے پریم چند گپتا اور امریندر سنگھ کو پارٹی نے اپنا امیدوار بنایا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

پٹنہ: بہار کی اہم اپوزیشن راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی) نے پریم چند گپتا اور امریندر سنگھ کو پارٹی کی جانب سے راجیہ سبھا امیدوار بنائے جانے کا اعلان کیا۔ آرجے ڈی کے ریاستی صدر جگدانند سنگھ نے یہاں پریس کانفرنس میں راجیہ سبھا کے لئے پارٹی کے دو امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بہار سے گپتا اور سنگھ کو پارٹی نے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں امیدوار اسمبلی سکریٹریٹ میں اپنا پرچہ داخل کریں گے۔

واضح رہے کہ فی الحال پریم چند گپتا جھارکھنڈ سے آرجے دی کے راجیہ سبھا رکن ہیں اور ان کی مدت کار 09 اپریل 2020 کو ختم ہو رہی ہے۔ آرجے ڈی نے جھارکھنڈ کے بعد اب انہیں دوبارہ بہار سے راجیہ سبھا بھیجنے کی تیاری کرلی ہے۔ وہیں تاجر اور سماجی کارکن امریندر دھاری سنگھ راجیہ سبھا کے لئے پہلی بار آرجے ڈی کی جانب سے امیدوار بنائے گئے ہیں۔


اس سے قبل راجیہ سبھا انتخاب کا نوٹیفکیشن جاری ہونے سے قبل کانگریس نے بہار میں ایک سیٹ پر اپنا دعویٰ کیا تھا۔ بہار کانگریس کے انچارج شکتی سنگھ گوہل نے آرجے ڈی صدر لالو پرساد یادو کی قیادت والی آرجے ڈی کے نام کھلا خط لکھا تھا جس میں انہوں نے آرجے ڈی کو راجیہ سبھا کی ایک سیٹ کانگریس کو دینے کا وعدہ یاد دلایا تھا جو انہوں نے لوک سبھا انتخاب کے دوران مشترکہ پریس کانفرنس میں سب کے سامنے کیا تھا۔

اس سے متعلق آرجے ڈی کے ریاستی صدر جگدانند سنگھ نے کہا کہ راجیہ سبھا کی دو سیٹ پر آرجے ڈی کا ہی دعویٰ بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کبھی بھی کسی اجلاس میں راجیہ سبھا کی سیٹ کے لئے دعویٰ نہیں کیا تھا اس لئے اس سے متعلق بات چیت کا سوال ہی نہیں اٹھتا ہے۔


دوسری جانب حزب اقتدار جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) نے بدھ کو رام ناتھ ٹھاکر اور ہری ونش کو ایک بار پھر اپنا راجیہ سبھا امیدوار بنانے کا اعلان کردیا ہے۔ ٹھاکر اور ہری ونش کے راجیہ سبھا کی مدت کار اس سال 09 اپریل کو ختم ہو رہی ہے۔

راجیہ سبھا انتخاب کے لئے امیدوار 13 مارچ 2020 تک پرچہ داخل کر سکیں گے۔ وہیں نامزد پرچوں کی جانچ 16 مارچ کو ہوگی۔ امیدوار 18 مارچ تک اپنے نام واپس لے سکیں گے۔ بہار میں راجیہ سبھا کے لئے ووٹنگ 26 مارچ کو ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Mar 2020, 7:40 PM