بہار میں جج سے مار پیٹ معاملہ میں دونوں پولیس افسران گرفتار

مدھوبنی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ستیہ پرکاش نے دونوں کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے، انھوں نے بتایا کہ دونوں افسران کو آئی پی سی کی متعلقہ دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بہار کے مدھوبنی ضلع میں کورٹ روم کے اندر ایڈیشنل ضلع جج (اے ڈی جے) اویناش کمار کے ساتھ مار پیٹ کرنے کے ملزم ایک ایس ایچ او اور سب انسپکٹر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جمعرات کی دیر شب تھانہ انچارج (ایس ایچ او) گوپال کرشن اور ڈپٹی انسپکٹر ابھمنیو شرما کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انھیں میڈیکل جانچ کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

مدھوبنی کے گھوگھرڈیہا تھانے میں تعینات دونوں افسر جمعرات کی دوپہر جھنجھارپور ڈویژنل کورٹ کے اندر اے ڈی جے کے کورٹ روم میں معاملے میں پیشی کے لیے آئے تھے۔ اسی دوران وہ جج سے ہی الجھ گئے اور ان کے ساتھ مار پیٹ ہی نہیں کی، بلکہ ان کے اوپر سروس پستول بھی تان دیا۔ ہنگامہ کے درمیان کورٹ میں موجود وکیلوں نے اے ڈی جے کو کسی طرح بچایا۔


مدھوبنی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ستیہ پرکاش نے ان دونوں کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ دونوں افسران کو تعزیرات ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد صدر اسپتال میں ان کی میڈیکل جانچ کی گئی۔ پٹائی کے سبب زیادہ چوٹ لگنے کی وجہ سے دونوں کو ڈی ایم سی ایچ ریفر کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا حراست میں علاج چل رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ پٹنہ ہائی کورٹ نے اس واقعہ پر سخت نوٹس لیا ہے اور ریاست کے چیف سکریٹری، پولیس ڈائریکٹر جنرل اور محکمہ داخلہ کے چیف سکریٹری کو حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ پٹنہ ہائی کورٹ کے جج راجن گپتا نے ان سبھی افسران کو 29 نومبر کو ان کے سامنے پیش ہونے اور دونوں پولیس اہلکاروں کے خلاف کی گئی کارروائی کو پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس درمیان واقعہ کے بعد وکیل ایسو سی ایشنز میں بھی زبردست ناراضگی ہے۔ مدھوبنی کے وکیل ایسو سی ایشن نے کام بند کر دیا ہے اور ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس درمیان ریاست کے سبھی ضلعوں کے وکیل ایسو سی ایشنز میں بھی اس واقعہ کو لے کر ناراضگی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔