ٹی وی پر اشتہار نشر کرانے میں بی جے پی نمبر ون، الیکشن کمیشن کرے کارروائی: کانگریس

منیش تیواری نے کہا کہ 10 سے 16 نومبر کے درمیان بی جے پی کے اشتہارات ٹی وی پر 22099 مرتبہ دکھائے گئے، بی جے پی نے اشتہارات دکھائے جانے کے معاملے میں ومل پان مصالحہ کوپیچھے چھوڑ دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ گذشتہ ہفتہ ٹی وی پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے سب سے زیادہ اشتہارات نشر ہوئے جس کا اثر اسمبلی انتخابات پر ہوسکتا ہے اس لئے غیر جانبدارانہ اور شفاف الیکشن کے لئے کمیشن کو اس معاملے میں از خو د نوٹس لینا چاہئے۔

کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے پارٹی کی معمول کی بریفنگ میں کہا کہ ٹی وی چینلوں میں نشر ہونے والے پروگراموں کی ریٹنگ اور اشتہارات کا ہفتہ وار اعدادو شمار یکجا کرنے والے براڈکاسٹ آڈینس ریسرچ کاونسل (بارک) کے ہفتہ وار اعدادو شمار کے مطابق دس سے سولہ نومبر کے درمیان بی جے پی کے اشتہارات ٹی وی پر بائیس ہزار نناوے مرتبہ دکھائے گئے اور اشتہارات دکھائے جانے کے معاملے میں اس نے ومل پان مصالحہ کوپیچھے چھوڑ کر پہلا مقام حاصل کیا ہے۔

انہوں نے کہا ٹی وی پر 12951مرتبہ نشر اشتہارات کے ساتھ نیٹ فلکس دوسرے نمبر پر رہا جب کہ تیسرا مقام ٹریواگو’ چوتھا سنتو اور پانچواں مقام ڈیٹول صابن کو ملا ہے۔ کانگریس چوٹی کے دس اشہارات دینے والوں کی فہرست میں شامل نہیں ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ان اشتہارات کے ذریعہ ووٹروں کو کتنا متاثر کیا گیا ہے اور الیکشن کی غیر جانبداری پر اس کا کتنا اثر ہوا ہے ‘ الیکشن کمیشن کو بارک کا اعدادو شمارلے کر نشر اشتہارات کے مسئلے کا خود نوٹس لینا چاہئے اور معاملے کی جانچ کرنی چاہئے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اشتہارات پر جتنا خرچ کررہی ہے اس سے سیاسی اور بڑے سرمایہ داروں کے درمیان گٹھ جوڑ کا بھی پتہ چلتا ہے۔ اس لئے کمیشن کو اسمبلی الیکشن کے مدنظر اس خرچ کے اثرات پرتفصیلی غور کرنا چاہئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 Nov 2018, 9:09 PM
/* */