بھارت جوڑو یاترا: راہل گاندھی آج لال چوک پر کریں گے پرچم کشائی، جانیں یاترا کا مکمل پروگرام

بھارت جوڑو یاترا ہفتہ کو جموں و کشمیر کے پلوامہ سے شروع ہوئی اور اونتی پورہ پہنچی۔ یاترا کے دوران راہل گاندھی نے پلوامہ حملے میں شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا

<div class="paragraphs"><p>تصویر ٹوئٹر</p></div>

تصویر ٹوئٹر

user

قومی آوازبیورو

سری نگر: کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا اپنے آخری مرحلے میں ہے۔ کنیا کماری سے شروع ہونے والی یہ یاترا کشمیر میں اختتام پذیر ہونے جا رہی ہے۔ ہفتہ کو جب اونتی پورہ سے یاترا دوبارہ شروع ہوئی تو پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے بھی راہل گاندھی اور دیگر کانگریس لیڈروں کے ساتھ اس میں شرکت کی۔ محبوبہ مفتی کے ساتھ ان کی بیٹی التجا مفتی بھی راہل کے ساتھ قدم سے قدم ملاتی ہوئی نظر آئیں۔ ہفتہ کی یاترا سری نگر کے مضافات میں واقع پنتھا چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔

پنتھا چوک پر رات کے قیام کے بعد 'بھارت جوڑو یاترا' آج (اتوار 29 جنوری) کی صبح 10 بجے آگے بڑھے گی۔ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی یاترا کے بعد راہل گاندھی اور دیگر یاتری سری نگر کے سونہ وار چوک پر آرام کریں گے۔ اس کے بعد دوپہر 12 بجے لال چوک پر پرچم کشائی کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس کے بعد یاتری سری نگر کے چشمہ شاہی روڈ پر ٹھہریں گے۔ اس کے بعد کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے شام 6 بجے ضیافت کا اہتمام کریں گے، جس میں راہل گاندھی سمیت تمام بھارت جوڑو یاتری شامل ہوں گے۔


قبل ازیں، ہفتہ کو بھارت جوڑو یاترا جموں و کشمیر کے پلوامہ سے شروع ہوئی اور اونتی پورہ پہنچی۔ یاترا کے دوران راہل گاندھی نے پلوامہ حملے میں شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا ’’میں پلوامہ کے 40 بہادر شہیدوں کو ان کی جائے شہادت پر عاجزانہ خراج عقیدت پیش کر رہا ہوں۔ ملک کے ہر سپاہی کی جان انمول ہے۔ ہندوستان ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔‘‘

خیال رہے کہ بھارت جوڑو یاترا کے اختتام کے موقع پر راہل گاندھی 30 جنوری 2023 کو صبح 10 بجے سری نگر میں جموں و کشمیر کے ریاستی کانگریس کے ہیڈکوارٹر پر قومی پرچم لہرائیں گے۔ راہل پیر کو ایم اے روڈ پر واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں ترنگا لہرائیں گے، اس کے بعد ایس کے اسٹیڈیم میں جلسہ عام کا انعقاد ہوگا۔ اس جلسہ میں کئی اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کی بھی شرکت متوقع ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔