مرکزی وزیر کے ہاتھوں ایوارڈ لینے سے ڈاکٹر ورِندر پال کا انکار، اٹھائی کسانوں کی آواز

پنجاب کے لدھیانہ میں پی اے یو کے سوئل کیمسٹ پرنسپل ڈاکٹر ورِندر پال سنگھ نے کسانوں کی حمایت میں اپنا احتجاج درج کراتے ہوئے اسٹیج پر وزیر برائے کیمیکل و فرٹیلائزر سے ایوارڈ نہ لینے کا فیصلہ کیا۔

ڈاکٹر ورِندر پال سنگھ، بشکریہ pau.edu
ڈاکٹر ورِندر پال سنگھ، بشکریہ pau.edu
user

قومی آوازبیورو

زرعی قوانین کے خلاف سڑکوں پر اترے کسانوں کی حمایت میں کئی ہستیاں سامنے آ چکی ہیں۔ اس فہرست میں اب نیا نام سوئل کیمسٹ پی اے یو، لدھیانہ کے پرنسپل ڈاکٹر ورِندر پال سنگھ کا بھی نام جڑ چکا ہے۔ ڈاکٹر ورِندر پال سنگھ نے کسانوں کی حمایت میں آواز بلند کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے کیمیکل اینڈ فرٹیلائزر کے ہاتھوں ایوارڈ لینے سے انکار کر دیا۔

پنجاب کے لدھیانہ میں ڈاکٹر ورِندر پال سنگھ نے کسانوں کی حمایت میں اپنا احتجاج درج کرتے ہوئے اسٹیج پر مرکزی وزیر برائے کیمیکل اینڈ فرٹیلائزر سے بہترین کارکردگی کے لیے گولڈ میڈل اور ’سورن جینتی ایوارڈ‘ لینے سے صاف منع کر دیا۔ ورِندر پال سنگھ نے حکومت اور ایف اے آئی ڈائریکٹر جنرل کا اس ایوارڈ کے لیے شکریہ ادا کیا، لیکن ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’جب ملک کے کسان سڑکوں پر ہیں تو ایسے میں میرا ضمیر مجھے یہ ایوارڈ لینے کی اجازت نہیں دے رہا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’میں امید کرتا ہوں کہ ہم ایک ساتھ ملک کے لیے کام کریں گے۔‘‘ ورِندر پال نے حکومت کو نصیحت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو بھی کسانوں کی سننی چاہیے۔


ڈاکٹر ورِندر پال سنگھ نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے ملک اور کسانوں کے لیے ہمیشہ کام کیا ہے۔ ایسے میں اگر میں یہ ایوارڈ لیتا ہوں تو میں خود کو قصوروار سمجھوں گا۔ میں چاہتا ہوں کہ ہمیں متحد ہو کر کسانوں کے لیے کام کرنا چاہیے تاکہ ملک کو مضبوط کیا جائے۔‘‘

اسٹیج پر پہنچنے کے بعد ڈاکٹر ورِندر پال سنگھ نے وزیر برائے کیمیکل اینڈ فرٹیلائزر سے کہا کہ اگر پی اے یو-ایل سی سی تکنیک کسانوں تک پہنچے گی تو صرف پنجاب میں سالانہ تقریباً 750 کروڑ روپے کی بچت کی جا سکتی ہے۔ علاوہ ازیں ملک بھر میں اربوں روپے بچائے جا سکتے ہیں۔ اس تکنیک کو پہچان دینے کے لیے ورِندر سنگھ نے وزیر محترم کا شکریہ ادا کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */