ڈرون کے خطرات سے نپٹنے کے لئے بی ایس ایف اور پولیس میں بہتر تال میل لازمی: ڈی جی پی

پنجاب ڈی جی پی دنکر گپتا نے کہا کہ ستمبر 2019 میں ڈرون کا ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے لئے استعمال کا معاملہ امرتسر میں سامنے آیا تھا، تب سے ڈرون سے ڈرگس اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ کی سپلائی کی جا رہی ہے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

یو این آئی

گرداسپور: پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دنکر گپتا نے آج ثبوت پر مبنی اور فعال پولیسنگ پر زور دینے کی ضرورت ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی سرحدوں پر ڈرون کے خطرات سے نپٹنے کے لیے پولیس اور بارڈر سیکورٹی فورس کے مابین بہتر تال میل ضروری ہے اور پولیس بی ایس ایف کو مکمل تعاون دے گی۔ جموں میں ڈرون حملے کے مدنظر گپتا نے کل امرتسر کے بعد آج گرداس پور میں بی ایس ایف اور پولیس و انتظامیہ کے حکام کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس میں انہوں نے کہا کہ سرحد باڑ لگانے سے سرحد پر سیکورٹی میں ڈرون نے سیندھ لگائی ہے اور نیا چیلنج بن کر سامنے آئے ہیں۔

دنکر گپتا نے کہا کہ ستمبر 2019 میں ڈرون کا ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے لئے استعمال کا معاملہ امرتسر میں سامنے آیا تھا۔ تب سے ڈرون سے ڈرگس اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ کی سپلائی کی جارہی ہے اور اب جموں میں دہشت گردانہ حملے کے لئے ڈرون کے استعمال نے سیکورٹی تشویشات میں اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20 مہینوں میں 60 سے زیادہ بار ڈرون دیکھے جانے کی بات بی ایس ایف نے کہی ہے۔ انھوں نے بی ایس ایف اور پولیس کے مابین بہتر تال میل کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں کو مل کر کام کرنا چاہئے اور اطلاعات و معلومات کو یکجا کرنے اور اس کے تبادلہ کی ضرورت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔