رام نومی کے موقع پر صدر، وزیر اعظم اور راہل گاندھی سمیت متعدد لیڈران کی نیک خواہشات

صدر جمہوریہ رام ناتھ کوند نے کہا کہ آئیے ہم سب یہ عہد کریں کہ ہم کووڈ- 19 کی وبا کو اتحاد اور تحمل کے ساتھ شکست دیں گے۔

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز ملک کے عوام کو رام نومی کی نیک خواہشات پیش کیں اور کورونا وبا کو شکست دینے کے عزم پر زور دیا۔ کووند نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ’’رام نومی کے مبارک موقع پر ملک کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ مریادہ پروشوتم رام کے یوم پیدائش پر منایا جانے والا یہ تہوار، ہمیں زندگی میں مریادہ پر عمل کرنے کی ترغیب دیتا ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا ’’آئیے ہم سب یہ عہد کریں کہ ہم کووڈ- 19 کی وبا کو اتحاد اور تحمل کے ساتھ شکست دیں گے‘‘۔

وزیر اعظم مودی نے کورونا وبا کے بحران کے دور میں مریادہ پُروشوتم رام کے پیغام کا ذکر کرتے ہوئے وبا سے بچنے کی کوششوں پر عمل کرنے کی اپیل کی۔ وزیر اعظم مودی نے ٹوئٹ کیا ’’آج رام نومی ہے اور مریادہ پروشوتم شری رام کا ہم سب کے لئے یہی پیغام ہے کہ مریاداؤں پر عمل کریں‘‘۔ انہوں نے کہا ’’کورونا کے اس بحران میں کورونا سے بچنے کے لئے جو بھی کوششیں ہیں ان پر عمل کریں اور ان کی پیروی کیجیے۔ ’دوائی بھی، کڑائی بھی‘ کے منتر کو یاد رکھیں‘‘۔

اس موقع پر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا، ’’آپ سبھی کو رام نومی کی دلی مبارک باد۔‘‘


رام روحانیت اور اخلاقیات کا مرکز ہیں: نائیڈو

نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے رام نومی کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ شری رام قوم کی روحانیت اور اخلاقیات کا مرکز ہیں۔ نائب صدر نے بدھ کے روز رام نومی کے موقع پر یہاں جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ پرشوتم شری رام ہندوستانی ثقافت اور ادب کی علامت اور ملک کے اخلاقی اور روحانی شعور کا مرکز ہیں۔ شری رام ایک جامع انصاف پسند معاشرے کے علمبردار ہیں، ان کی قائم کردہ مریادہ ابدی اور ازلی ہے۔ انہوں نے کہا ’’ملک کے عوام کو مریادہ پُرشوتم شری رام کے یوم پیدائش، رام نومی کی دلی مبارکباد‘‘۔

نائب صدر نے کہا کہ بھگوان رام اچھائی، ہمت اور ہمدردی کی علامت ہیں۔ رام نومی کا تہوار مریادہ پرشوتھم بھگوان رام کی مثالی زندگی کو یاد کراتا ہے اور انہیں ان کے دکھائے ہوئے اچھائی کے راستے پر چلنے کی ترغیب دیتا ہے۔ یہ تہوار ہم سب کو اپنے کنبہ، معاشرے اور ملک کے تئیں اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا ’’میری تمنا ہے کہ اس تہوار سے ہماری زندگی میں خوشی اور سکون آئے، ہم بھگوان رام کے دکھائے ہوئے راستے پر چلنے اور ان کے ذریعہ قائم کردہ آدرشوں سے دنیا کی تخلیق کریں‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔