بنگال اسمبلی انتخابات: دوسرے مرحلے کی پولنگ کے لئے تیاریاں مکمل، تمام 30 سیٹوں پر پختہ حفاظتی انتظامات

مغربی بنگال میں دوسرے مرحلے میں 75 لاکھ سے زاید ووٹر 30 اسمبلی حلقوں میں 191 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے تاہم سب کی نگاہیں نندی گرام میں مرکوز رہیں گی، جہاں سے ممتا اور سویندو امیدوار ہیں

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

کولکاتا: مغربی بنگال میں دوسرے مرحلے میں 75 لاکھ سے زاید ووٹر 30 اسمبلی حلقوں میں 191 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے تاہم سب کی نگاہیں نندی گرام میں مرکوز رہیں گی جہاں ممتا بنرجی کے خلاف ان کے ہی کابینہ کے سابق رفیق سویندو ادھیکاری اس مرتبہ بی جے پی کے ٹکٹ پر میدان میں ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق تمام 10620 بوتھوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ان حلقوں میں الیکشن کمیشن نے مرکزی فورسیز کی 651 کمپنیوں کو تعینات کیا ہے۔ کمیشن کے افسران نے بتایا کہ اس کے علاوہ صبح سات بجے شروع ہونے والے پولنگ کے دوران ریاستی پولیس کو بھی اسٹریٹجک مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔


ذرائع نے بتایا کہ سینٹرل آرمڈ پولیس فورس کی مجموعی طور پر 199 کمپنیاں مشرقی مدنی پور، 210 کمپنیاں مغربی مدنی پور، 170 جنوبی 24 پرگنہ اور 72 بانکوڑا میں تعینات رہیں گی۔ ترنمول کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی تمام 30 نشستوں پر انتخاب لڑ رہی ہیں، جبکہ 15 پر سی پی پی آئی اور بقیہ سیٹوں پر اتحاد کی دیگر جماعتیں بالترتیب کانگریس، سی پی آئی، فارورڈ بلاک،آر ایس پی اور آئی ایس ایف کے امیدوار ہیں۔

پولنگ کا عمل کورونا وائرس کے تمام اصول و ضوابط کی روشنی میں ہوگا۔ دوسرے مرحلے کی مہم کے دوران آخیر میں سویندو ادھیکاری نے ممتا بنرجی کو بیگم قرار دےکر پورے انتخابی مہم کو فرقہ وارانہ خطوط پر تقسیم کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ ممتا جیت گئیں تو نندی گرام منی پاکستان بن جائے گا۔ جب کہ ممتا بنرجی نے خود کو نندی گرام سے جوڑنے اور بنگالی قوم پرستی اور پسماندہ برادری کو اوبی سی گٹیگری میں شامل کرنے جیسے ایشوز بھی اٹھائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 31 Mar 2021, 8:45 PM
/* */