’ہمارا کام بولتا ہے، بی جے پی کا جھوٹ بولتا ہے‘، سماجوادی پارٹی نے لکھنؤ میں لگایا پوسٹر

بی ایس پی سربراہ مایاوتی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے قبل ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’ہمارے ساتھ آنے پر بی جے پی کے اندر خوف کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سماجوادی پارٹی صدر اکھلیش یادو اور بی ایس پی سربراہ مایاوتی آج لکھنؤ میں مشترکہ پریس کانفرنس کو خطاب کرنے والے ہیں اور پورا لکھنؤ طرح طرح کے پارٹی پوسٹروں سے بھرا ہوا نظر آ رہا ہے۔ ان پوسٹروں میں ایک خاص پوسٹر لوگوں کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے جس پر لکھا گیا ہے ’’ہمارا کام بولتا ہے اور بی جے پی کا جھوٹ بولتا ہے۔‘‘ خبروں کے مطابق یہ پوسٹر سماجوادی پارٹی کے طلبا لیڈر کی جانب سے چسپاں کروایا گیا ہے۔

دراصل 12 جنوری کی دوپہر ایس پی-بی ایس پی مشترکہ پریس کانفرنس کر رہی ہے جس پر سبھی سیاسی پارٹیوں کی نظریں ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پریس کانفرنس میں آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر سیٹوں کی تقسیم کا اعلان ہوگا۔ اس پریس کانفرنس میں دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ آر ایل ڈی، نشاد پارٹی اور پیس پارٹی کے بارے میں بھی کچھ کہا جاتا ہے یا نہیں، کیونکہ یہ پارٹیاں بی جے پی کے خلاف مہاگٹھ بندھن میں شمولیت کا ارادہ رکھتی ہیں۔ آج کے پریس کانفرنس کو دیکھتے ہوئے جہاں بی جے پی کی سانسیں تیز ہو گئی ہیں وہیں کانگریس کی بھی اس پر نظر ہے کیونکہ اتر پردیش میں بی جے پی مخالف اتحاد میں وہ اپنے لیے بھی امکانات تلاش کرے گی۔

قابل ذکر ہے کہ اکھلیش یادو اور مایاوتی نے مل کر اتر پردیش میں بی جے پی کو دھول چٹانے کا پختہ عزم کر لیا ہے۔ جمعہ کے روز اکھلیش یادو نے اپنے عزائم کا اظہار بھی کیا تھا۔ انھوں نے قنوج میں ’ٹوئٹر چوپال‘ میں کہا تھا کہ ایس پی-بی ایس پی مل کر انتخاب میں فتح حاصل کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ سال لوک سبھا ضمنی انتخاب میں ہم ساتھ آئے تو ریاست کے وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کی سیٹ پر بی جے پی انتخاب ہار گئی۔ اس بار بھی ہمارا انداز صحیح ثابت ہوگا اور بی جے پی کو شکست کا منھ دیکھنا پڑے گا۔ اکھلیش نے ساتھ ہی کہا تھا کہ ’’ہفتہ کو لکھنو میں ایس پی اور بی ایس پی کی مشترکہ پریس کانفرنس ہوگی۔‘‘

ایس پی اور بی ایس پی اتحاد کی خبروں سے بی جے پی میں پھیلی دہشت کے تعلق سے اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’ہمارے ساتھ آنے پر بی جے پی کے اندر خوف کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ ایس پی اور بی ایس پی پہلے جب بھی ساتھ آئی تو یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور نائب وزیر اعلیٰ کیشو مورچیہ اپنے اپنے علاقے میں ضمنی انتخاب ہار گئے۔ اب یہی طاقت لوک سبھا انتخابات میں بھی پرچم لہرائے گی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی حکومت لوگوں کو ہر سطح پر گمراہ کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ تو ریاست میں شراب کو فروغ دینے پر زور دے رہے ہیں۔ ہم لوگوں کو اب افواہ پھیلانے والوں سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ ہم لوگوں کو ان افواہ پھیلانے والوں یعنی بی جے پی کے لوگوں سے بچ کر رہنا ہوگا۔ میرا تو اتنا ہی کہنا ہے کہ اگر ہم کو ترقی کرنی ہے تو ذات پات کی بات کو چھوڑنا ہوگا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔