کرناٹک میں بی جے پی کی حالت خستہ، اسی لیے پی ایم مودی بار بار کر رہے ریاستی دورہ: ڈی کے شیوکمار

شیوکمار نے کہا کہ نریندر مودی پی ایم ہیں اور وہ جتنی بار چاہیں ریاست آ سکتے ہیں، لیکن اب وہ انتخابی تشہیر کے لیے کرناٹک کا بار بار دورہ کر رہے ہیں جو ظاہر کرتا ہے کہ ریاست میں بی جے پی کتنی کمزور ہے۔

ڈی کے شیو کمار، تصویر آئی اے این ایس
ڈی کے شیو کمار، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کانگریس نے ہفتہ کے روز دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ جنوبی ریاست کرناٹک کا بار بار دورہ ظاہر کرتا ہے کہ یہاں بی جے پی کس قدر کمزور ہے۔ دراصل کرناٹک میں اسمبلی انتخاب 10 مئی کو ہونے جا رہا ہے اور سبھی پارٹیوں کی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ اس درمیان کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار نے میڈیا اہلکاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی عوام نے بی جے پی حکومت کو گرانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جسے بھگوا پارٹی کے لیڈران بھی جانتے ہیں اور اسی لیے بی جے پی کے مرکزی لیڈران بار بار ریاست کا دورہ کر رہے ہیں۔

شیوکمار نے کہا کہ نریندر مودی ملک کے وزیر اعظم ہیں اور وہ جتنی بار چاہیں ریاست میں آ سکتے ہیں۔ لیکن اچانک انتخاب قریب آتے ہی وہ جس طرح انتخابی تشہیر کے لیے کرناٹک کا بار بار دورہ کر رہے ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریاست میں بی جے پی کتنی کمزور ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ان سبھی کوششوں سے بی جے پی لیڈروں نے پہلے ہی شکست مان لی ہے۔ ریاست کے ووٹر دانشمند ہیں اور وہ حکومت بدلنے جا رہے ہیں، چاہے کوئی بھی ریاست کا دورہ کرے۔


کانگریس لیڈر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ چونکہ وہ عوام کو متوجہ کرنے میں کامیاب نہیں ہیں، اس لیے بی جے پی لیڈر فلم اداکاروں کو اپنے ساتھ جوڑ رہے ہیں۔ شیوکمار کا کہنا ہے کہ کانگریس امیدواروں کے خلاف ای ڈی کا استعمال کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ پولیس بھی بی جے پی کے ایجنٹ کی شکل میں کام کر رہی ہے۔ میں نے ایسے افسران کی ایک فہرست تیار کرنے کو کہا ہے۔ ایسا وہ صرف 40 دنوں تک ہی کر سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔