اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ 15 سال پرانے معاملے میں قصوروار قرار، عدالت نے سنائی 2-2 سال کی سزا

کیس چھجلیٹ معاملے سے جڑا ہوا ہے جو سماجوادی پارٹی لیڈر اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ و دیگر سماجوادی پارٹی لیڈران کے خلاف 29 جنوری 2008 میں درج کرایا گیا تھا۔

اعظم خان، تصویر آئی اے این ایس
اعظم خان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

سماجوادی پارٹی لیڈر اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم خان کو عدالت نے آج اس وقت زبردست جھٹکا دیا جب 2008 کے ایک کیس میں دونوں کو قصوروار قرار دیا۔ عدالت نے دونوں کو 2-2 سال کی سزا سنائی ہے، جس کے بعد اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عبداللہ اعظم کی اسمبلی رکنیت جا سکتی ہے۔ اگر ایسا ہوا تو سوار اسمبلی سیٹ پر از سر نو ضمنی انتخاب کرائے جائیں گے۔

کیس چھجلیٹ معاملے سے جڑا ہوا ہے جو سماجوادی پارٹی لیڈر اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ و دیگر سماجوادی پارٹی لیڈران کے خلاف 29 جنوری 2008 میں درج کرایا گیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اعظم خان اور عبداللہ اعظم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ حالانکہ سماجوادی پارٹی کی طرف سے اس حکم کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل ہیٹ اسپیچ کیس میں اعظم خان کو تین سال کی سزا سنائی جا چکی ہے۔ اس وجہ سے ان کی اسمبلی رکنیت بھی چلی گئی تھی۔


دراصل مراد آباد کے چھجلیٹ تھانہ میں 29 جنوری 2008 کو پولیس چیکنگ کر رہی تھی۔ ایف آئی آر کے مطابق سماجوادی پارٹی لیڈر اعظم خان کی کار کو بھی چیکنگ کے لیے پولیس نے روکا تھا۔ پولیس کی کارروائی سے خفا ہو کر اعظم خان اس وقت سڑک پر دھرنا دے کر بیٹھ گئے تھے۔ اعظم خان کی حمایت میں کئی اضلاع کے سماجوادی پارٹی لیڈر موقع پر پہنچے تھے اور دھرنے میں شامل ہوئے تھے۔ پولیس نے اس تعلق سے اعظم خان، ان کے بیٹے عبداللہ اعظم، امروہہ کے سماجوادی پارٹی رکن اسمبلی محبوب علی، سابق سماجوادی پارٹی رکن اسمبلی حاجی اکرام قریشی (اب کانگریس میں)، بجنور کے سماجوادی پارٹی لیڈر و سابق وزیر منوج پارس، سماجوادی پارٹی لیڈر ڈی پی یادو وغیرہ کو نامزد کرتے ہوئے حامیوں کے خلاف ایف آئی آر لکھی تھی۔

ایف آئی آر میں اعظم خان، ان کے بیٹے و دیگر پر سڑک جام کرنے، سرکاری کام میں رخنہ ڈالنے، بھیڑ کو اکسانے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ اب 2008 کے اسی کیس میں مراد آباد کے اسپیشل ایم پی-ایم ایل اے کورٹ میں سماعت ہوئی۔ کورٹ نے اس کیس میں اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم کو قصوروار قرار دیتے ہوئے سزا کا اعلان کیا۔ باقی ملزمین کو عدالت نے بری کر دیا۔ اس کیس میں عدالت نے تاریخ پر غیر حاضر رہنے پر بھی اعظم خان کے خلاف حکم عدولی کا کیس درج کرایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔