بی ایس پی اراکین پارلیمنٹ کے مکانوں پر قرقی کا نوٹس چسپاں

بی ایس پی کے نو منتخب رکن پارلیمنٹ اتل کمار سنگھ عرف اتل رائے کے خلاف درج جنسی زیادتی کے معاملے میں ان کی بنارس اور غازی پور میں واقع رہائش گاہوں پر پولیس نے قرقی کا نوٹس چسپا کر دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بنارس: اترپردیش میں گھوسی پارلیمانی حلقے سے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے نو منتخب رکن پارلیمنٹ اتل کمار سنگھ عرف اتل رائے کے خلاف یہاں درج جنسی زیادتی کے معاملے میں ان کے بنارس اور غازی پور میں واقع رہائش گاہوں پر پولیس نے قرقی کا نوٹس چسپا کیا۔

پولس ذرائع نے جمعہ کو یہاں بتایا کہ ایک خاتون کی شکایت پر گذشتہ ماہ ایک مئی کو بنارس کے لنکا تھانے میں اتل رائے پر جنسی زیادتی کا معاملہ درج کیا گیا تھا اور وہ اسی وقت سے فرار ہیں۔ ملزم رکن پارلیمنٹ کو پولیس تلاش رہی ہے۔ عدالتی حکم پر پولیس نے پڑوسی ضلع غازی پور کے بھانور کول علاقے کے بیرم پور اور بنارس کے مُنڈواڈیہ علاقے کے کنچن پور میں واقع نو منتخب رکن پارلیمنٹ کی رہائش گاہوں پر قرقی کے نوٹس چسپا کیے ہیں۔


الزام ہے کہ سیاست کے میدان میں مدد کرنے کی لالچ دے کر اتل رائے نے خاتون کو اپنے جال میں پھنسایااور پھر کئی ماہ تک ’بلیک میل‘ کرکے جنسی زیادتی کی۔ خاتون کا الزام ہے کہ سنہ 2018 میں مارچ سے نومبر کے دوران ان کے ساتھ کئی بار جنسی زیادتی کی گئی۔ مخالفت کرنے پر ’برا انجام بھگتنے‘ کی دھمکی دی گئی۔

غور طلب ہے کہ اتل رائے نے بی ایس پی کے امیدوار کے طور لوک سبھا الیکشن میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی۔آخری مرحلے میں 19 مئی کو ووٹنگ سے قبل وہ عوامی طور پر اپنی انتخابی مہم کرتے ہوئے نظر نہیں آئے لیکن 23 مئی کو جب نتائج کا اعلان ہوا تو وہ ایک لاکھ 22 ہزار 568 ووٹوں کے فرق سے فاتح قرار دیے گئے۔ انہوں نے اپنے حریف بی جے پی کے امیدوار اور اس وقت کے رکن پارلیمنٹ ہری نارائن راج بھر کو شکست دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔