وائناڈ: راہل گاندھی کی ہدایت پر سیلاب متاثرین میں 50 ہزار کلو اناج تقسیم

کیرالہ کے وائناڈ سے رکن پارلیمان راہل گاندھی نے سیلاب سے متاثرہ 18000 سے زائد خاندانوں میں فوٹ کِٹ کی تقسیم کا کام شروع کر دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

وائناڈ (کیرالہ): وائناڈ کے رکن پارلیمان راہل گاندھی نے سیلاب سے متاثرہ 18000 سے زائد خاندانوں میں فوٹ کِٹ کی تقسیم کا کام شروع کر دیا ہے۔ راہل گاندھی نے اپنے دورے کے دوران وائناڈ کے عوام سے اس کا وعدہ کیا تھا۔

خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس سے بات چیت میں ان کے آفس سیکریٹری بائجو نے کہا کہ اگلے دو دنوں میں ان کے حلقہ انتخاب کے ہر ایسے خاندان کو ’بیسک فوڈ کٹ‘، ایک صفائی کٹ اور ڈریس مٹیریل کٹ فراہم ہو جائے گی، جس نے سیلاب کی آفت کا سامنا کیا ہے اور اپنے گھر سے نقل مکانی کی ہے۔ کٹ میں ایک کمبل بھی موجود ہوگا۔


دریں اثنا، کیرالہ کانگریس کی طرف سے ٹوئٹر پر معلومات دی گئی ہے کہ راہل گاندھی کی ہدایت کے مطابق ان کے آفس کی طرف سے 50000 کلوگرام اناج سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔

راہل گاندھی کے آفس سکریٹری بائجو نے کہا، ’’چونکہ وائناڈ لوک سبھا حلقہ انتخاب کئی اسمبلی حلقوں میں پھیلا ہوا ہے، لہذا یہ تقسیم ہر جگہ کی جائے گی اور اس کا پہلا مرحلہ امید ہے کہ ایک دو دن میں مکمل ہو جائے گا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ پہلی کٹ میں 5 کلو چاول، چینی، دال، چائے، کافی، تیل اور دیگر ضروری اشیا ہوگی جو ایک ہفتے کے لئے کافی ہوگی۔ اس کے علاوہ ضروری کپڑے اور زیر جامہ بھی کٹ میں موجود رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا، ’’چونکہ اب بھی کچھ لوگ کیمپوں میں پناہ لئے ہیں لہذا دوسری کٹ میں بنیادی صفائی کے سامان جیسے صابن، واشنگ پاؤڈر، ڈیٹال اور اسی طرح کے سامان جو پانی سے لبریز مکانوں کو صاف کرنے کے لئے ہوتے ہیں، دئے جائیں گے۔‘‘


وائناڈ میں راہل گاندھی کے دفتر کے ایک دیگر ملازم نے کہا، ’’تیسرے مرحلہ میں کمبل اور کپڑے شامل ہوں گے۔ ہم اب سے کچھ دنوں میں اس پورے تقسیم کے کام کو پورا کر لینے کی امید کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ اس سامان کا ایک اہم حصہ تمل ناڈو سے امداد کے طور پر آیا ہے جبکہ کچھ کرناٹک سے آیا ہے۔ کانگریس کے کارکنان نے تقسیم کے لئے کٹ تیار کرنے میں دن رات کام کیا ہے۔

بائجو نے کہا، ’’راہل گاندھی اپنے حلقہ انتخاب میں 20 اگست کے بعد واپس آ سکتے ہیں اور وہ پھر لوگوں سے ملاقات کریں گے۔ اس ہفتہ کی شروعات میں وہ یہاں تین دنوں میں مختلف راحت کیمپوں میں گئے تھے۔‘‘


کیرالہ حکومت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق وائناڈ ضلع میں 12 اموات ہونے کی خبر ہے، جبکہ کچھ لاشوں کے پوتھومالا میں کیچڑ دفن ہونے کا خدشہ ہے۔ واضح رہے کہ پوتوھمالا میں زین کھسکنے کی وجہ سے متعدد خاندانوں نے اپنے گھروں کو گنوا دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */