جب تک کانگریس مضبوط ہے، میں بھی مضبوط ہوں:چدمبرم

پی چدمبرم آئی این ایکس میڈیا معاملے میں 3 اکتوبر تک عدالتی حراست میں تہاڑ جیل میں ہیں۔ آج کانگریس صدر سونیا گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے ان سے تہاڑ میں ملاقات کی۔

سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم
سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: آئی این ایکس میڈیا معاملے میں عدالتی حراست میں تہاڑ جیل میں مقید کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے پیر کے دن کہا ہے کہ جب تک کانگریس پارٹی مضبوط ہے اور ہمت کے ساتھ کام کررہی ہے تب تک وہ بھی اسی مضبوطی کے ساتھ لڑتے رہیں گے۔

کانگریس صدر سونیا گاندھی اور سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے آج صبح تہاڑ جیل جاکر پی چدمبرم سے ملاقات کی۔ اس کے بعد سابق مرکزی وزیر نے ٹوئٹ کیا کہ ’’میں آج عزت محسوس کررہا ہوں کہ سونیا گاندھی اور ڈاکٹر منموہن سنگھ جی مجھ سے ملنے آئے۔ جب تک کانگریس پارٹی مضبوط اور بہادر ہے میں بھی مضبوط اور بہادر رہوں گا۔‘‘


وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے اتوار کو امریکہ میں ہوسٹن میں ’ہاؤڈی مودی‘ پروگرام پر اپنے خیالات کا اظہار بھی پی چدمبرم نے کیا۔ انھوں نے اس سلسلے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہندوستان میں سب اچھا ہے‘ طنز کرتے ہوئے پی چدمبرم نے کہا کہ ’’بے روزگاری، کم تنخواہ، ہجومی تشدد، کشمیر میں تالہ بندی، موجودہ نوکریوں کے ختم ہونے اور اپوزیشن لیڈروں کو جیل میں ڈالنے کے علاوہ ہندوستان میں سب اچھا ہے۔‘‘


سونیا گاندھی اور منموہن سنگھ کا تہاڑ جاکر سابق وزیرخزانہ سے ملاقات کرنا یہ واضح کرتا ہے کہ پارٹی ان کے ساتھ پوری طرح سے کھڑی ہے۔کچھ دن پہلے ہی کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد اور احمد پٹیل نے بھی تہاڑ جیل جاکر پی چدمبرم سے ملاقات کی تھی۔


پی چدمبرم آئی این ایکس میڈیا معاملے میں 3 اکتوبر تک عدالتی حراست میں تہاڑ جیل میں ہیں۔ انہیں مرکزی جانچ بیورو (سی بی آئی) نے 21 اگست کو اس معاملے میں گرفتار کیا تھا۔ وہ 5 ستمبرسے عدالتی حراست میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔