16 فروری کو کیجریوال تنہا نہیں، پوری کابینہ کے ساتھ لیں گے حلف

ایک بار پھر اروند کیجریوال رام لیلا میدان میں وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیں گے۔ ذرائع کے مطابق حلف برداری تقریب میں ادھو ٹھاکرے، ممتا بنرجی اور غیر بی جے پی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ شریک ہو سکتے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دہلی اسمبلی الیکشن میں بی جے پی کو شکست فاش دینے کے بعد عام آدمی پارٹی (عآپ) حکومت تشکیل دینے کی تیاریوں میں مصروف ہو گئی ہے۔ 12 فروری کی صبح عآپ قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں اروند کیجریوال کو لیڈر منتخب کیا گیا اور پھر اعلان کیا گیا کہ وہ وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف 16 فروری کو رام لیلا میدان میں لیں گے۔ عآپ قانون ساز پارٹی کی میٹنگ کے بعد سینئر لیڈر منیش سسودیا نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا جس میں جانکاری دی کہ آئندہ اتوار کو اروند کیجریوال دہلی کے لوگوں کی موجودگی میں تیسری بار وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیں گے۔


پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر منیش سسودیا نے دہلی کے باشندوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’’دہلی میں پہلی بار کام کی سیاست کو عزت ملی ہے۔ دہلی نے نفرت کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے اور عآپ کو لگاتار دوسری بار بمپر کامیابی دلائی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’لوگ کام کو پسند کرتے ہیں، سیاست کا ترقیاتی ماڈل صرف کیجریوال کے پاس ہے۔ لوگوں کو بجلی دینا، پانی دستیاب کرانا ہی حقیقی معنوں میں حب الوطنی ہے۔ دہلی کے لوگوں نے پیغام دے دیا ہے کہ اروند کیجریوال ہمارا بیٹا ہے۔‘‘


میڈیا ذرائع کے مطابق رام لیلا میدان میں کیجریوال کی حلف برداری تقریب صبح 10 بجے شروع ہوگی، اور اس موقع پر صرف کیجریوال اپنے عہدہ و رازداری کا حلف نہیں لیں گے، بلکہ پوری کابینہ ان کے ساتھ حلف لے گی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس تقریب میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے ساتھ ساتھ دیگر غیر بی جے پی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شرکت کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔