بلا امتیاز دہلی کی چو طرفہ ترقی کے لئے پابند عہد: کیجریوال

دہلی حکومت کے لئے تعاون کرنے والے 50 نمائندگان کو خصوصی طور پر دعوت دی گئی ہے، اس کے علاوہ کیجریوال کا حلیہ اختیار کرنے والے 5 سالہ ’چھوٹو مفلر مین‘ اویان تومر کو بھی مدعو کیا گیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

16 Feb 2020, 2:22 PM

دہلی کی ترقی کے لئے کیجریوال نے وزیراعظم مودی سے مانگا آشیرواد

نئی دہلی: دہلی کے مسلسل تیسری بار اتوار کے روز وزیر اعلی بنے اروند کیجریوال نے دارالحکومت کے مجموعی ترقی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی سے اس کام کے لئے’آشیرواد‘ کی خواہش ظاہر کی ہے۔

دہلی کے لیفٹننٹ گورنر انل بیجل نے کیجریوال کو تاریخی رام لیلا میدان میں وزیر اعلی کے عہدے کا حلف دلایا۔ حلف لینے وزیراعلی اروند کیجریوال بعد وہاں موجود معزز شخصیات اور عام آدمی پارٹی کے ہزاروں حامیوں کے ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلا امتیاز دہلی کی چو طرفہ ترقی کے لئے پابند عہد ہیں اور انہیں اسے کامیاب بنانے کے لیےوزیراعظم مودی کے ’آشیرواد‘ کی ضرورت ہے۔

16 Feb 2020, 12:32 PM

حلف برداری کے بعد رام لیلا میدان سے اروند کیجریوال کا خطاب

حلف برداری کے بعد دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجروال رام لیلا میدان میں موجود ہزاروں کے مجمع سے خطاب کر رہے ہیں۔ خطاب کا آغاز انہوں نے دہلی کے باشندگان کا شکریہ ادا کر کے کیا۔ انہوں نے کہا، ’’انتخابات کے دوان کسی نے بی جے پی کو ووٹ دیا، کسی نے کانگریس کو ووٹ دیا اور کسی نے کسی دوسری پارٹی کو ووٹ دیا لیکن اب میں سبھی کا وزیر اعلیٰ ہوں اور کسی کے ساتھ تفریق نہوں کروں گا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اب انتخاب ختم ہو چکا ہے اور اب دہلی کے 2 کروڑ لوگ میرا خاندان ہے۔ نیز میں ہر مذہب، ہر طبقہ اور ہر امیر و غریب کے لئے کام کروں گا۔

16 Feb 2020, 12:24 PM

دہلی کے وزیر اعلیٰ کے طور پر کیجریوال کی تیسری بار حلف برداری

دہلی کی ساتویں اسمبلی کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی (عآپ) کی فتح کے ہیرو رہے پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے اتوار کو مسلسل تیسری بار وزیر اعلی کے عہدہ کا حلف لیا۔

تاریخی رام لیلا میدان میں پارٹی کے ہزاروں حامیوں اور بڑی تعداد میں معزز شخصیات کی موجودگی کے درمیان نائب گورنر انل بیجل کیجریوال کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ کیجریوال کے بعد نائب وزیر اعلی منیش سسودیا، ستیندر جین، گوپال رائے، کیلاش گہلوت، عمران حسین اور راجندر پال گوتم کو بیجل نے وزارت کے عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ گوپال رائے نے شہیدوں کے نام سے حلف لیا جبکہ عمران حسین نے اللہ کے نام پر حلف اٹھایا۔

کیجریوال نے تیسری بار وزیر اعلی کے عہدہ لینے کے بعد سابق وزیر اعلی آنجہانی شیلا دکشت کے ریکارڈ کی برابری کی۔ آنجہانی دکشت 1998 سے 2013 تک مسلسل تین بار 15 سال تک وزیر اعلی کے عہدہ پر رہیں۔

کیجریوال 2013 میں پہلی بار وزیر اعلی بنے تھے۔ انہوں نے کانگریس کی مدد سے حکومت بنائی تھی لیکن لوک پال کے معاملہ پر اختلافات ہونے کے بعد 49 دنوں میں ہی استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس کے بعد 2015 میں اسمبلی کے انتخابات میں 70 میں سے 67 نشستیں جیت کر ریکارڈ بنایا۔ اس کے بعد ایک بار پھر 70 میں سے 62 نشستیں جیت کر دہلی کے اقتدار پر قابض ہوئے ہیں۔


16 Feb 2020, 12:00 PM

کیجریوال کی وزیر اعلیٰ دہلی کے طور پر حلف برداری کچھ دیر میں

اروند کیجریوال کچھ ہی دیر میں اپنی کابینہ کے ساتھ بطور وزیر اعلیٰ دہلی حلف لینے جا رہے ہیں۔ کیجریوال حلف برداری کے لئے رام لیلا میدان پہنچ گئے ہیں جہاں ہزاروں کی تعداد میں عآپ کارکنان اور عام لوگ موجود ہیں۔

بلا امتیاز دہلی کی چو طرفہ ترقی کے لئے پابند عہد: کیجریوال
16 Feb 2020, 10:50 AM

رام لیلا میدان پر سخت حفاظتی انتظامات

کیجریوال کی بطور وزیر اعلیٰ دہلی رام لیلا میدان پر 12.15 بجے حلف برداری ہونی ہے اور اس کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ عام آدمی گیٹ نمبر 4، 5، 6، 7، 8 اور 9 سے رام لیلا میدان میں داخل ہو سکیں گے۔ سیکیورٹی کے لحاظ سے میدان اور اس کے ارد گرد 5 ہزار کے قریب پولیس اہلکار تعینات رہیں گے۔ اس کے علاوہ سرگرمیوں کی نگرانی کے لئے 125 سی سی ٹی وی کیمرے اور 12 ایل ای ڈی اسکرینیں لگائی گئی ہیں۔ میدان میں 45،000 افراد کے بیٹھنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

دہلی پولیس نے ٹریفک اور سیکیورٹی کے خصوصی بندوبست کیے ہیں جوکہ صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے تک جاری رہیں گے۔ بسوں کی عمومی پارکنگ کے لئے ماتا سندری روڈ پاور ہاؤس، سیوک سینٹر کے اندر اور پچھلے حصے میں پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اسی طرح، ویلوڈرووم روڈ، راج گھاٹ پارکنگ، شانتی ون پارکنگ راج گھاٹ اور سمتا استھل کے سروس روڈ پر بسیں کھڑی کی جاسکتی ہیں۔


16 Feb 2020, 10:24 AM

دہلی کے عوام عآپ کے کاموں سے خوش ہیں: سسودیا

دہلی میں کابینہ کو دوہرانے کے سوال پر منیش سسودیا نے کہا کہ اگر کیجریوال اپنی کابینہ کو دوہرانا چاہتے ہیں تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے کہ کیوں کہ کابینہ کے کاموں سے عام خوش ہیں اور کاموں کی بنیاد پر ہی ہم انتخابات جیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کا دل جیتنے اور ان کا اعتماد برقرار رکھنے کا کام جاری رکھیں گے۔

16 Feb 2020, 10:11 AM

حلف برداری سے قبل کیجریوال کی اپیل ’بیٹے کو آشیرواد دینے ضرور آنا‘

رام لیلا میدان میں اپنی تیسری حلف برداری سے قبل اروند کیجریوال نے دہلی کے عوام سے شرکت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا، ’’آج تیسری بار دہلی کے سی ایم کا حلف لوں گا۔ اپنے بیٹے کو آشیرواد دینے رام لیلا میدان ضرور آئیے گا۔‘‘

کیجریوال کے ہمراہ ان کے 6 وزراء بھی حلف اٹھائیں گے۔


16 Feb 2020, 9:25 AM

کیجریوال کی آج دہلی کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف برداری

عام آدمی پارٹی (عآپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال آج مسلسل تیسری مرتبہ دہلی کے وزیر اعلی کی حیثیت سے حلف لینے جا رہے ہیں۔ بھاری اکثریت کے ساتھ دہلی حکومت میں واپسی کرنے والی عام آدمی پارٹی کو توقع ہے کہ رام لیلا میدان میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں تقریباً ایک لاکھ افراد شرکت کریں گے۔ کیجریوال دن کے 12.15 حلف لیں گے۔ ان کے ساتھ کابینی وزیر بھی حلف لیں گے۔

وزیر اعلی نے وزیر اعظم نریندر مودی، دہلی کے ساتوں اراکین پارلیمنٹ، بی جے پی کے نو منتخب ممبران اسمبلی اور تمام میونسپل کونسلرز کو بھی مدعو کیا ہے۔ انتخابی نتائج کے روز عآپ دفتر کے احاطے میں اپنے والد کے ساتھ کیجریوال کے پرانے گیٹ اپ میں پہنچنے والے ایک سالہ ’چھوٹو مفلر مین‘ اویان تومر کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دہلی کی حکمرانی میں تعاون کرنے والے مختلف شعبوں کے 50 نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ وہ سبھی نئی کابینہ کے ساتھ اسٹیج کا اشتراک کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */