کشمیر کے پلوامہ میں مسلح تصادم، ایک جنگجو ہلاک

ضلع پلوامہ کے کھریو پانپور علاقے میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات کو ہونے والے ایک مسلح تصادم کے دوران ایک ملی ٹینٹ کو ہلاک کیا گیا

کشمیر کے شوپیاں میں تصادم / فائل تصویر
کشمیر کے شوپیاں میں تصادم / فائل تصویر
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی ضلع پلوامہ کے کھریو پانپور میں ایک شبانہ مسلح تصادم کے دوران سکیورٹی فورسز نے ایک جنگجو کو ہلاک کیا ہے۔ جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے کھریو پانپور علاقے میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات کو ہونے والے ایک مسلح تصادم کے دوران ایک جنگجو کو ہلاک کیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا: 'مہلوک جنگجو کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے نیز علاقے میں آپریشن جاری ہے'۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کھریو پانپور میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں و کشمیر پولیس، فوج کی راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے جمعرات کی رات دیر گئے مذکورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔


انہوں نے بتایا کہ ایک مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان باضابطہ طور تصادم شروع ہوا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ محاصرے میں پھنسنے والے جنگجوئوں کو خودسپردگی اختیار کرنے کی پیشکش کی گئی جو انہوں نے مسترد کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آخری اطلاعات ملنے تک مسلح تصادم میں ایک جنگجو مارا جا چکا تھا جس کی لاش برآمد کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔