آندھرا: امراوتی کے کسانوں کا انوکھا احتجاج

جل دیکشا کے دوران کسان اور خواتین دریائے کرشنا میں اتر گئے اور اپنی کمر تک کے پانی میں ٹھہر کر انوکھا احتجاج کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: راجدھانی کے طور پر امراوتی کو ہی برقرار رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کسانوں کی جانب سے انوکھا احتجاج کیا گیا۔ امراوتی کے علاقوں ویلگاپوڑی، تُلورو کے کسانوں نے راجدھانی کی منتقلی کے حکومت کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اس قدم سے دستبرداری کا مطالبہ کیا اور انوکھی جل دیکشا کا اہتمام کیا۔

جل دیکشا کے دوران کسان اور خواتین دریائے کرشنا میں اتر گئے اور اپنی کمر تک کے پانی میں ٹھہر کر انوکھا احتجاج کیا۔ ان کے ہاتھوں میں پلے کارڈس تھے اور یہ کسان حکومت کے خلاف اور امراوتی کی حمایت میں نعرے بازی کررہے تھے۔ کسانوں کا کہنا تھا کہ حکومت ان کے احتجاج کو نظر انداز کر رہی ہے۔


کسانوں نے اپنے ہاتھوں میں امراوتی کو بچاؤ، ایک ریاست ایک راجدھانی جیسے نعرے لکھی تختیاں تھامی ہوئی تھیں۔ کسانوں نے حکومت کے خلاف شدید برہمی کا اظہاربھی کیا۔ امراوتی کی حمایت میں کسانوں کا احتجاج آج 51 ویں دن میں داخل ہوگیا۔

کسانوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومت نے امراوتی کو دارالحکومت بنانے کا اعلان کیا تھا تو اس وقت کی اپوزیشن وائی ایس آرکانگریس پارٹی نے بھی اس کو قبول کیا تھا اور اس پر کوئی اعتراض نہیں کیا تھا تاہم اب وائی ایس آرکانگریس سیاسی فائدہ اٹھانے کے لئے تمام علاقہ میں اشتعال انگیزی کو ہوا دے رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Feb 2020, 7:11 PM