اندھیری ایسٹ ضمنی انتخاب: بی جے پی نے اپنا امیدوار واپس لیا، ادھو کی قیادت والی شیو سینا امیدوار کا بلامقابلہ انتخاب یقینی

کئی پارٹیوں کے متعدد رہنماؤں کی درخواستوں کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پیر کے روز اپنے امیدوار مرجی پٹیل کا نام اندھیری (ایسٹ) ضمنی انتخاب سے واپس لے لیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: کئی پارٹیوں کے متعدد رہنماؤں کی درخواستوں کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پیر کے روز اپنے امیدوار مرجی پٹیل کا نام اندھیری (ایسٹ) ضمنی انتخاب سے واپس لے لیا۔ اس کے بعد ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیو سینا کی رتوجا لٹکے کے بلا مقابلہ انتخاب کی راہ ہموار ہو گئی۔

آنجہانی لیڈر رمیش لٹکے کی بیوی اور شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کی امیدوار رتوجا شیوسینا نے کہا ’’میں پارٹی کے تمام رہنماؤں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی جنہوں نے میری حمایت کی۔ میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کروں گی۔‘‘

خیال رہے کہ اتوار کے روز مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے نائب وزیر اعلی دیویندر فڈنویس کو خط لکھ کر بی جے پی سے ضمنی انتخاب نہ لڑنے کی درخواست کی تھی۔ ان کے خط کا جواب دیتے ہوئے، فڈنویس نے کہا تھا کہ وہ اکیلے فیصلہ نہیں لے سکتے اور اس معاملے پر پارٹی میں سینئر سطح پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔


ایکناتھ شندے کی قیادت والی بالا صاحبانچی شیو سینا کے رکن اسمبلی پرتاپ سارنائک نے بھی وزیر اعلیٰ کو خط لکھ کر ان سے رتوجا کے خلاف ضمنی انتخاب نہ لڑنے کی درخواست کی تھی۔ اسی طرح، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار نے بھی کہا تھا کہ اس سیٹ کے لئے مدت کار صرف ڈیڑھ سال کے لیے رہ گئی ہے اس لیے ضمنی انتخاب کرانے کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ’’بہتر ہوگا کہ رتوجا (لٹکے) کو بلا مقابلہ جیتنے دیا جائے۔ ڈیڑھ سال کی خاطر الیکشن لڑنا بے معنی ہے۔ اس سے اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں پر بہت زیادہ اثر پڑتا ہے۔ اس بار اس سے اجتناب کرنا بہتر ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */