امت شاہ کی طبیعت پھر بگڑی، سانس لینے میں تکلیف کے بعد ایمس میں داخل

بتایا جاتا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو گزشتہ تین چار دنوں سے جسم میں درد، تھکن اور چکر کی بھی شکایت ہو رہی تھی جس کو دیکھتے ہوئے دیر رات تقریباً 2 بجے انھیں ایمس میں داخل کرایا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو ایک بار پھر سانس لینے میں تکلیف ہونے کے بعد دہلی واقع ایمس اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق انھیں گزشتہ تین چار دنوں سے جسم میں درد، تھکن اور چکر کی بھی شکایت ہو رہی تھی جس کو دیکھتے ہوئے دیر رات تقریباً 2 بجے انھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس درمیان امت شاہ کا کورونا ٹیسٹ بھی کرایا گیا جس کی رپورٹ نگیٹو برآمد ہوئی ہے۔ ایمس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رندیپ گلیریا کی قیادت میں ایک ٹیم امت شاہ کی صحت کی نگرانی کر رہی ہے۔

خبر رساں ادارہ 'اے این آئی' نے اس تعلق سے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں بتایا ہے کہ امت شاہ کو پوسٹ کووڈ کیئر کے لیے ایمس میں داخل کرایا گیا ہے۔ ٹوئٹ میں ایمس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ امت شاہ ٹھیک ہیں اور اسپتال سے ہی اپنا کام کر رہے ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 2 اگست کو امت شاہ میں کورونا انفیکشن کی بات سامنے آئی تھی اور اس کی خبر انھوں نے خود ٹوئٹر کے ذریعہ دی تھی۔ علاج کے لیے وہ گروگرام واقع میدانتا اسپتال میں داخل ہوئے تھے جہاں ڈاکٹروں کی سخت نگرانی میں کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے تھے۔ کورونا ٹیسٹ رپورٹ نگیٹو برآمد ہونے کے بعد وہ گزشتہ 14 اگست کو ڈسچارج ہو کر گھر پہنچ گئے تھے، لیکن ایک بار پھر ان کی صحت خراب ہونے کے بعد ایمس میں داخل کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Aug 2020, 11:56 AM
/* */