امرناتھ یاترا: امرناتھ غار کے پاس بادل پھٹنے سے 5 عقیدتمند ہلاک، متعدد زخمی

بادل پھٹنے کا واقعہ شام تقریباً 5.30 بجے پیش آیا جس کی وجہ سے امرناتھ یاتریوں کے کئی ٹینٹ تباہ ہو گئے، موقع پر راحت اور بچاؤ کا کام فوری طور پر شروع ہو گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

30 جون سے شروع ہوئی امرناتھ یاترا 11 اگست کو ختم ہوگی، لیکن اس یاترا ابھی سے کئی طرح کے مسائل سامنے آنے شروع ہو گئے ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق امرناتھ غار کے پاس بادل پھٹنے سے اب تک پانچ لوگوں کی موت کی خبریں سامنے آ چکی ہیں۔ اس حادثہ میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن کے لیے فوری طور پر ابتدائی علاج کا انتظام کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مہلوکین میں تین خواتین اور دو مرد شامل ہیں۔

بادل پھٹنے کا یہ واقعہ شام تقریباً 5.30 بجے پیش آیا جس کی وجہ سے امرناتھ یاتریوں کے کئی ٹینٹ تباہ ہو گئے۔ موقع پر راحت اور بچاؤ کا کام فوری طور پر شروع ہو گیا ہے۔ بچاؤ مہم کے لیے این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر پی اور دیگر معاون ایجنسیوں کو سرگرم کر دیا گیا ہے۔ آئی جی پی کشمیر نے اس واقعہ کے تعلق سے بتایا کہ ’’امرناتھ غار کے پاس بادل پھٹنے سے کچھ لنگر اور ٹینٹ اچانک سیلاب کی زد میں آ گئے ہیں۔ کچھ لوگوں کی موت کی خبر ہے۔ پولیس، این ڈی آر ایف اور ایس ایف کے ذریعہ بچاؤ مہم جاری ہے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے ایئرلفٹ کیا جا رہا ہے۔ حالات قابو میں ہیں۔‘‘


پہلگام جوائنٹ پولیس کنٹرول روم کی طرف سے جانکاری دی گئی ہے کہ امرناتھ غار کے ذیلی علاقوں میں شام تقریباً 5.30 بجے بادل پھٹنے کی اطلاع ملی تھی۔ این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور دیگر ایجنسیوں کے ذریعہ بچاؤ کام جاری ہے۔ آئی ٹی بی پی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ بچاؤ ٹیم کام پر ہیں۔ آئی ٹی بی پی کی ٹیمیں دیگر ایجنسیوں کے ساتھ بچاؤ مہم میں سرگرم ہیں۔ کچھ لوگوں کے بہنے کی بھی خبر ہے اور سیلاب سے کئی لوگوں کو نکالا بھی گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہاں کافی وقت سے لگاتار بارش ہو رہی تھی، جس کے بعد آج شام بادل پھٹ گیا۔ بادل پھٹنے کے بعد سیلاب عقیدتمندوں کے ٹینٹس کے درمیان سے ہو کر گزرتا چلا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔