گوا کے تقریباً سبھی اراکین اسمبلی کروڑ پتی، 29 کے خلاف مجرمانہ معاملے

گوا کی 40 رکنی اسمبلی کے لیے منتخب اراکین میں سے 40 فیصد کے خلاف مجرمانہ معاملے درج ہیں، جب کہ 33 فیصد کے خلاف سنگین نوعیت کے مجرمانہ معاملے درج ہیں۔

اے ڈی آر، تصویر adrindia.org
اے ڈی آر، تصویر adrindia.org
user

قومی آوازبیورو

گوا کی 40 رکنی اسمبلی میں بی جے پی نے 20 نشستیں حاصل کر کے حکومت سازی کی طرف قدم بڑھا دیا ہے۔ اس درمیان گوا اسمبلی کے تعلق سے کچھ حیران کرنے والے اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منتخب اراکین اسمبلی میں سے 40 فیصد کے خلاف مجرمانہ معاملے درج ہیں، جب کہ 33 فیصد کے خلاف سنگین نوعیت کے مجرمانہ معاملے درج ہیں۔ اتنا ہی نہیں، 40 میں سے صرف ایک رکن اسمبلی ایسا ہے جو کروڑپتی نہیں ہے۔ اگر سبھی 40 اراکین اسمبلی کی ملکیت کا اوسط نکالا جائے تو 20.16 کروڑ روپے بنتے ہیں۔

یہ ڈاٹا اے ڈی آر (ایسو سی ایشن آف ڈیموکریٹک ریفارمس) اور گوا الیکشن واچ کے ذریعہ گوا 2022 اسمبلی انتخاب میں جیتنے والے سبھی 40 امیدواروں کی طرف سے داخل حلف ناموں کا تجزیہ کرنے کے بعد پیش کیا گیا ہے۔ اس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کم از کم 21 یعنی 53 فیصد لیڈروں کے پاس گریجویشن اور اس سے اوپر کی ڈگری ہے۔


برسراقتدار بی جے پی نے 20 سیٹوں کے ساتھ ریاست میں واپسی کی ہے، جب کہ کانگریس 11 سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہی۔ فاتحین میں تین آزاد امیدوار بھی شامل ہیں جب کہ عام آدمی پارٹی اور مہاراشٹر گومانتک پارٹی نے 2-2 سیٹیں جیت ہیں۔ گوا فارورڈ پارٹی اور ریولیوشنری گوا پارٹی نے ایک ایک سیٹ حاصل کی۔

مجرمانہ مقدمات پر غور کریں تو 2022 میں فاتح 40 امیدواروں میں سے 16 امیدواروں (40 فیصد) نے اپنے خلاف مجرمانہ معاملوں کی بات قبول کی ہے۔ 2017 میں 9 (23 فیصد) اراکین اسمبلی نے مجرمانہ معاملے کی بات کہی تھی۔ 13 (33 فیصد) فاتح امیدواروں نے اپنے خلاف سنگین مجرمانہ معاملے کی جانکاری دی ہے۔ 2017 میں یہ تعداد 6 (15 فیصد) تھی۔ خواتین کے خلاف جرم سے متعلق معاملوں میں جیتنے والے امیدواروں میں دو لیڈر شامل ہیں جن میں سے ایک نے عصمت دری سے متعلق معاملے (تعزیرات ہند کی دفعہ 376) کی جانکاری دی ہے۔


کروڑپتی امیدواروں اور ان کی ملکیت کی بات کریں تو 2017 کے اسمبلی انتخاب میں 40 (100 فیصد) اراکین اسمبلی کے مقابلے میں اس مرتبہ 39 (98 فیصد) فاتحین کروڑپتی ہیں۔ ریولیوشنری گوا پارٹی کے واحد فاتح امیدوار کو چھوڑ کر سبھی کروڑپتی ہیں۔ بی جے پی، کانگریس، مہاراشٹر گومانتک پارٹی، عآپ، گوا فارورڈ پارٹی اور یہاں تک کہ تین آزاد امیدواروں سمیت دیگر سبھی فاتحین نے ایک کروڑ روپے سے زیادہ کی ملکیت کا اعلان کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔