تیستا سیتلواڈ کے خلاف عائد کیے گئے الزامات بے بنیاد: سٹیزن فار جسٹس اینڈ پیس

سی جے پی کے ٹرسٹیز سیڈرک پرکاش، چترا پالیکر، ڈولفی ڈیسوزا، غلام ایم. پیش امام، جاوید آنند، رگھو نندن ملوستے، شکنتلا کلکرنی نے اپنے مشترکہ بیان میں تیستا سیتلواڈ کی گرفتاری کو غلط ٹھہرایا ہے۔

تیستا سیتلواڈ، تصویر آئی اے این ایس
تیستا سیتلواڈ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مشہور سماجی کارکن تیستا سیتلواڈ کی گرفتاری اور ان کے خلاف گجرات پولیس کے ذریعہ عائد کردہ الزامات کو سٹیزن فار پیس اینڈ جسٹس (سی جے پی) نے بے بنیاد اور مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔ سی جے پی کے ٹرسٹیز نے ایک مشترکہ بیان جاری کر تیستا سیتلواڈ پر لگائے گئے الزامات کو سرے سے مسترد کرتے ہوئے ان کی جلد رہائی کی امید بھی ظاہر کی ہے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ہم سٹیزن فار جسٹس اینڈ پیس کے ٹرسٹیز ہیں، جو کہ 20 سال سے زیادہ عرصے سے ہندوستان بھر میں انسانی حقوق کے لیے کام کر رہا ہے۔ تیستا سیتلواڈ جو کہ اس ادارہ کی ٹرسٹیوں میں سے ایک ہیں اور چیف جسٹس کی سکریٹری ہیں، کو گجرات پولیس نے گرفتار کر لیا ہے اور فی الحال وہ سابرمتی ویمن جیل، احمد آباد میں بند ہیں۔ 25 جون 2022 کو جس طرح سے انھیں گرفتار کیا گیا اور ان پر حملہ کیا گیا، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔‘‘

سی جے پی کے ٹرسٹیز سیڈرک پرکاش، چترا پالیکر، ڈولفی ڈیسوزا، غلام ایم. پیش امام، جاوید آنند، رگھو نندن ملوستے، شکنتلا کلکرنی نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ’’ہمارا ماننا ہے کہ تیستا سیتلواڈ کے خلاف مقدمہ مکمل طور پر جھوٹا ہے اور انہیں 2002 کے بعد کے گودھرا فسادات کے متاثرین کی مدد کرنے کے کام کے لیے ہدف بنایا جا رہا ہے۔ ہم نے ایف آئی آر اور ضمانت کی درخواست کے جواب میں داخل کردہ ریاست گجرات کے حلف نامہ کو بھی دیکھا ہے۔ ریاست گجرات کا یہ دعویٰ کہ تیستا سیتلواڈ نے احمد پٹیل سے پیسے لیے ہیں، بے بنیاد ہیں۔‘‘


بیان میں آگے لکھا گیا ہے کہ ’’تیستا سیتلواڈ کا واحد مقصد گودھرا فسادات کے بعد پیدا حالات کے متاثرین کے لیے انصاف کی تلاش کرنا تھا۔ فسادات کے متاثرین کی مدد کرنا گناہ یا جرم نہیں کہا جا سکتا، جیسا کہ ایف آئی آر اور حلف نامہ میں بتایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، ہم یہ نہیں مانتے کہ تیستا سیتلواڈ نے کبھی ثبوت گھڑے ہیں یا کسی گواہ کو سچ کے سوا کچھ کہنے کو کہا ہے۔ انھوں نے صرف متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے انھیں سہولت فراہم کی ہے۔‘‘

بیان کے آخر میں لکھا گیا ہے کہ ’’ہم تیستا سیتلواڈ کے ساتھ کھڑے ہیں، ملک کی آزاد عدلیہ پر پورا بھروسہ رکھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ سیتلواڈ کو نہ صرف جلد از جلد ضمانت پر رہا کیا جائے گا بلکہ ان کے خلاف مقدمہ بھی ختم کر دیا جائے گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔