اکھلیش یادو نے بی جے پی پر جمہوریت کو گمراہ کرنے کا لگایا الزام، کہا ’یہ گناہِ عظیم ہے‘

اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی کے جھوٹے وعدوں کی لمبی فہرست ہے، طبی سہولیات بدحال ہیں، کورونا وبا کے دوران اسپتالوں میں بستر، دوا، علاج کی کمی میں لوگوں کی جانیں گئی ہیں۔

اکھلیش یادو، تصویر یو این آئی
اکھلیش یادو، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت ریاست کو تباہ کرنے کے بعد بھی باز نہیں آ رہی ہے اور غلط پروپیگنڈوں کے ذریعہ جمہوریت کو گمراہ کرنے کا گناہ عظیم کر رہی ہے۔ اکھلیش یادو نے پیر کو کہا کہ بی جے پی نے کسانوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ انہیں قرض معافی، ایم ایس پی ادائیگی، آمدنی دوگنی کرنے کے تمام جھانسے دیئے لیکن اسے ملا کچھ نہیں ہے۔ نوجوانوں کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ہے، خواتین اور بچیاں سب سے زیادہ رسوا اور عصمت دری متاثرہ ہیں، ترقی ٹھپ ہے۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی کے جھوٹے وعدوں کی لمبی فہرست ہے۔ طبی سہولیات بدحال ہیں، کورونا وبا کے دوران اسپتالوں میں بستر، دوا، علاج کی کمی میں لوگوں کی جانیں گئی ہیں۔ تعلیم کے شعبے میں تقرریوں کے سلسلے میں کافی عدم اعتماد ہے۔ ریاست میں ملازمین اپنے مطالبات کے سلسلے میں جدوجہد کر رہے ہیں۔ جھوٹے وعدے تو اب بی جے پی میں کسی کو یاد بھی نہیں آتے ہیں۔


سابق وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ڈبل انجن کی حکومت جرائم پیشہ افراد کے آگے پوری طرح سے بے بس ہو چکی ہے۔ ریاست میں جنگل راج قائم ہے۔ ریاست میں نظم و نسق کا بحران ہے۔ بجنور میں قومی سطح کی کھلاڑی کا عصمت دری کے بعد قتل پریشان کرنے والا واقعہ ہے۔ عصمت دری کے بعد ریلوے ٹریک پر اس کی لاش پھینک دی گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔