اجمیر: خواجہ کے شہر میں ’تاناشاہی‘ کے خلاف احتجاج، فلک شگاف نعروں کی گونج

اجمیر میں جمعہ کے روز شہریت ترمیمی قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف احتجاج میں بڑے پیمانے پر لوگوں نے شرکت کی اور حکومت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

محمد صابر قاسمی میواتی

اجمیر: سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف عوامی احتجاج کا سلسلہ جمعہ کے روز بھی جاری رہا۔ مختلف شہروں کے ساتھ اجمیر میں بھی بعد نماز جمعہ بڑے پیمانے پر لوگوں نے شرکت کی اور حکومت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی۔ مظاہرین نے بعد میں کلکٹر کے توسط سے صدر جمہوریہ کے نام ایک مکتوب بھی روانہ کیا۔

اجمیر میں راجستھان شیخ عباسی (بھشتی)، اقلیتی مہاسبھا، مسلم مہاسبھا سمیت شہر کی درجنوں تنظیموں کی کال پر وسیع مارچ نکالا گیا، جس میں شہر کے تمام طبقات کے لوگوں نے بلاتفریق شرکت کی۔

واضح رہے کہ جمعہ کی نماز کے بعد یہ احتجاجی مارچ خان پورہ شروع ہوا اور رام گڑھ، قیصر گنج سے ہوتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر پہنچا۔ یہاں پہلے سے موجود مقامی اور زائرین کی ایک بڑی تعداد بھی مارچ میں شامل ہو گئی۔


درگاہ اجمیر شریف کے سامنے مجمع اتنا بڑا ہو گیا کہ عرس کا نقشہ نظر آنے لگا۔ اس موقع پر ہزاروں افراد نے احتجاج میں شرکت کی اور فلک شگاف نعرے لگا کر حکومت کی امریت کو چلنج کیا۔ مظاہرے میں نوجوان، بوجورگ تمام عمر کے لوگ شامل تھے، جنہوں نے ’مودی تیری تاناشاہی، نہیں چلے گی‘ کے نعرے لگائے۔

اجمیر میں 17 جنوری کو بھی سی اے اے کے خلاف مظاہرے کیا گیا تھا
اجمیر میں 17 جنوری کو بھی سی اے اے کے خلاف مظاہرے کیا گیا تھا

بعد ازاں یہ احتجاجی مارچ دہلی گیٹ ہوتے ہوئے شہر کی اہم سڑکوں سے گزرا اور کلکٹریٹ پر پہنچا۔ کلکٹریٹ پر لوگوں نے ضلع انتظامیہ کے سامنے ایک بار پھر مظاہرہ کیا اور صدر کے نام کلیکٹر کو ایک مکتوب پیش کیا۔

مکتوب کے ذریعے صدر جمہوریہ سے سے قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے شہریت ترمیمی قانون کو فی الفور منسوخ کرنے کی اپیل کی گئی۔ علاوہ ازیں، کہا گیا ہے کہ یہ قانون ہندوستانی آئین کے مقاقصد کے عین خلاف ہے، لہذا اس طرح کے ملک مخالف قانون کو عوام کبھی قبول نہیں کریں گے۔

کلکٹریٹ میں مارچ کے منتظمین نے کہا کہ سی اے اے کی وجہ سے معاشرے میں بدامنی کی فضا ہے لہذا مرکزی حکومت کو جلد از جلد اس قانون کو منسوخ کر دینا چاہئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 24 Jan 2020, 8:11 PM