ایئر انڈیا کا پائلٹ الکحل ٹیسٹ میں فیل، لائسنس رد

فضائی کمپنی ایئر انڈیا کے ایک سینیئر پائلٹ کے ہوائی جہاز اڑانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس پابندی کی وجہ پائلٹ کا الکحل ٹیسٹ میں فیل ہونا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

ڈی. ڈبلیو

شہری ہوا بازی کے قومی ادارے نے بڑی ہوائی کمپنی ایئر انڈیا کے ایک انتہائی سینیئر پائلٹ اروند کٹھپالیا کا ہوائی جہاز اڑانے کا لائسنس 3 سال کے لیے معطل کر دیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ کٹھپالیا ایئر انڈیا کے انتہائی اعلیٰ انتظامی اہلکار بھی ہیں۔ وہ اس ہوائی کمپنی کے ڈائریکٹر آپریشنز بھی ہیں۔

ان کا الکحل ٹیسٹ نئی دہلی سے لندن جانے والی پرواز سے قبل کیا گیا تھا۔ وہ اس ٹیسٹ سے قبل بھی ایسے ہی ایک ٹیسٹ میں ناکام رہ چکے ہیں۔ شراب نوشی کی حالت میں ہوائی جہاز اڑانا خطرناک خیال کیا جاتا ہے اور تازہ ترین ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد اروند کٹھپالیا کو پرواز لے جانے سے روک دیا گیا۔

سن 2017 میں بھی اسی پائلٹ کا لائسنس تین ماہ کے لیے معطل کیا گیا تھا کیوں کہ تب انہوں نے مبینہ طور پر الکحل ٹیسٹ دینے سے انکار کر دیا تھا۔ ہوائی کمپنیوں کے پائلٹوں کے الکحل ٹیسٹ عموماً ایک آلے میں سانس چھوڑنے (Breath-analyzer) سے لیے جاتے ہیں۔ یہ آلہ انسانی سانس میں الکحل کی مقدار بتا دیتا ہے۔

شہری ہوا بازی کے ادارے کے ایک بیان کے مطابق ایئر انڈیا کے پائلٹ کا جہاز اڑانے کا اجازت نامہ مروجہ قواعد و ضوابط کی روشنی میں 3 برس کے لیے معطل کیا گیا ہے۔ اس بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا وہ اپنے انتظامی عہدے یعنی ڈائریکٹر آپریشنز کے منصب پر برقرار رہیں گے یا نہیں۔

ایئر انڈیا کے اس پائلٹ نے اس پابندی کے حوالے سے اپنا کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ انہوں نے یہ ضرور کہا کہ وہ ان ٹیسٹوں کے نتائج کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہیں ادارے کے اندر پائی جانے والی چپقلش کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایئر انڈیا کے اعلیٰ انتظامی اہلکاروں کو ہوائی کمپنی کے مسلسل خسارے میں رہنے کی وجہ سے شدید نکتہ چینی کا سامنا ہے۔ ایئر انڈیا قومی فضائی کمپنی ہے اور اسے شدید مالی خسارے کا سامنا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Nov 2018, 6:09 PM