’اگنی پتھ یوجنا‘ نوجوانوں کے مستقبل کو آگ میں جھونکنے کے مترادف: عمران پرتاپ گڑھی

عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ یہ اسکیم پوری طرح سے نوجوانوں کے خلاف ہے اور نوجوان اس کے خلاف اتر کے مخالفت بھی درج کرا رہے ہیں۔

عمران پرتاپ گڑھی
عمران پرتاپ گڑھی
user

قومی آوازبیورو

دہلی: ’’اگنی پتھ کی مخالفت کوئی سیاسی مخالفت نہیں ہے، بلکہ یہ ان نوجوانوں کی مخالفت ہے جو صبح چار بجے سے اٹھ کر روزانہ سڑکوں پر پسینہ بہاتا ہے، فوج میں بھرتی کی تیاری کرتا ہے۔ دراصل وہ غصے میں ہیں اور یہ مظاہرہ ان کی مخالفت ہے۔‘‘ ان خیالات کا اظہار کانگریس پارٹی کے قدآور لیڈر عمران پرتاپ گڑھی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔

عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ یہ اسکیم پوری طرح سے نوجوانوں کے خلاف ہے اور نوجوان اس کے خلاف اتر کے مخالفت بھی درج کرا رہے ہیں۔ اب ایسے میں کچھ اداروں کے چیف سیاسی دباؤ یا کسی اور وجہ سے اس اسکیم کے فائدے بتا رہے ہیں، یہ ان کا اپنا انفرادی معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جوابدہی دراصل ان نوجوانوں کے تئیں ہے جو فوج میں بھرتی ہونا چاہتے ہیں۔ ایسے میں کوئی بھی آکر بیان دے لیکن نوجوانوں کا غصہ ختم ہونے والا نہیں ہے۔


عمران پرتاپ گڑھی نے مزید کہا کہ کانگریس عوامی حقوق کا تحفظ کرنے والی پارٹی ہے۔ پارٹی ہمیشہ نوجوانوں اور عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ضمیر کہہ رہا ہے کہ ملک کا نوجوان جہاں کھڑا ہے، پارٹی بھی وہیں کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی فوج میں بھی ٹھیکہ کو رواج دینا چاہتی ہے، جبکہ یہ سرے سے غلط ہے، کانگریس پارٹی کھل کے اس کے خلاف کھڑی ہے اور رہے گی۔

عمران پرتاپ گڑھی نے اگنی پتھ کی خامیوں کو اجاگر کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ مخالفت و احتجاج کے بعد حکومت نے خود ہی کئی ترامیم اس اسکیم میں کر ڈالیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اس میں خامیاں ہیں۔ اس میں مزید ترمیمات ہوں گی، اور پھر ثابت ہوگا کہ غلطیاں ہیں۔ اس سلسلے میں زرعی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زرعی قانون میں بھی اسی طرح کے ہتھکنڈے اپنائے گئے تھے۔ میڈیا سمیت کئی بڑی شخصیات اس وقت بھی زرعی قانون کے فائدے گنوانے کے لیے میدان میں اتر آئی تھیں۔ لیکن حاصل کیا ہوا، زرعی قانون میں بھی خامیاں تھیں، بالآخر 700 کسانوں کی شہادت کے بعد اس قانون کو واپس لینا پڑا۔ اسی طرح فوج بھرتی اسکیم بھی خامیوں سے پُر ہے، اسے بھی واپس لینا پڑے گا۔ کیونکہ نوجوان مانے گا نہیں۔


کانگریس کے ذریعہ ان تمام مظاہروں کے منظم کئے جانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اول یوم سے کانگریس یہ اپیل جاری کر رہی ہے کہ مخالفت و احتجاج کیلئے عدم تشدد اور ستیہ گرہ کا راستہ اختیار کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں کہ راہل گاندھی کے بیان کی وجہ سے نوجوان آگ زنی و تشدد کا راستہ اختیار کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ شہر جلانا، آگ لگانا، فساد بھڑکانا بی جے پی کی خصوصیت رہی ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ اگنی پتھ اسکیم دراصل نوجوانوں کے مستقبل کو آگ میں جھونکنے کے مترادف ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔