اتراکھنڈ میں زوردار فتح کے بعد بی جے پی کے لیے وزیر اعلیٰ کا انتخاب بنا سر درد

اگر اراکین اسمبلی میں سے وزیر اعلیٰ کا انتخاب نہیں کیا جاتا ہے تو ایسے میں پارٹی تجربہ کار سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر رمیش پوکھریال نشنک پر بھی داؤ کھیل سکتی ہے۔

بی جے پی کا جھنڈا، تصویر آئی اے این ایس
بی جے پی کا جھنڈا، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اتراکھنڈ میں بی جے پی 47 سیٹوں پر زوردار کامیابی کے ساتھ ایک بار پھر سے اقتدار میں واپس آ گئی ہے۔ حالانکہ اس بڑی جیت میں اہم کردار نبھانے والے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی انتخاب ہار گئے ہیں۔ نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کو لے کر بی جے پی کے اندر لگاتار ہلچل تیز ہے۔ بی جے پی لیڈروں کی مانیں تو کسی رکن اسمبلی کو ہی وزیر اعلیٰ بنایا جا سکتا ہے۔ ایسے میں سب سے آگے جو نام چل رہا ہے، وہ ریاست کے وزیر صحت دھن سنگھ راوت کا ہے، جن کو تنظیم کا بھی کافی تجربہ ہے۔ وہ حکومت کا تجربہ بھی گزشتہ پانچ سالوں میں بخوبی لے چکے ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ تریویندر راوت کے قریبی دھن سنگھ راوت کو لے کر بی جے پی میں امکانات بہت تیز ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کے قریبی ہونے کا فائدہ دھن سنگھ راوت کو مل سکتا ہے۔ آر ایس ایس کے قریب ہونے کا فائدہ بھی دھن سنگھ راوت کو مل سکتا ہے۔

دھن سنگھ راوت کو اگر وزیر اعلیٰ نہیں بنایا جاتا ہے تو ایسے میں ستپال مہاراج کو بھی بی جے پی وزیر اعلیٰ بنا سکتی ہے۔ ستپال مہاراج سب سے پہلے کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے تھے اور اس کے بعد اتراکھنڈ سے لے کر کئی ریاستوں کی انتخابی تشہیر میں بھی وہ جٹے رہے۔ گزشتہ 5 سال کی مدت کار میں تین بار وزیر اعلیٰ بدلنے کے دوران ستپال مہاراج کے نام کے تذکرے تو خوب ہوئے لیکن ان کو کرسی نہیں مل پائی۔ ستپال مہاراج کے لیے سب سے بڑ افائدہ ان کی آر ایس ایس موہن بھاگوت سے قربت ہے۔ موہن بھاگوت سے قریب ہونے کے سبب ستپال مہاراج کو وزیر اعلیٰ بنایا جا سکتا ہے۔ خود موہن بھاگوت بھی ستپال مہاراج کے لیے کئی بار وزیر اعظم اور وزیر داخلہ تک سے بات کر چکے ہیں۔


اگر اراکین اسمبلی میں سے وزیر اعلیٰ نہیں بنایا جاتا ہے تو ایسے میں پارٹی تجربہ کار سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر رمیش پوکھریال نشنک پر بھی داؤ کھیل سکتی ہے۔ برہمن ہونے کے سبب پارٹی 2024 کے لوک سبھا انتخاب سے پہلے ریاست میں برہمن وزیر اعلیٰ بنا کر اتر پردیش تک پیغام دینا چاہے گی۔ تنظیم اور حکومت کا بہتر تجربہ ہونے کے سبب رمیش پوکھریال نشنک کے نام پر بھی مہر لگ سکتی ہے۔ ڈاکٹر رمیش پوکھریال نشنک کے دہلی میں بی جے پی اعلیٰ کمان سے بہت مضبوط رشتے ہیں۔ 2019 میں ہریدوار سے لوک سبھا کا انتخاب جیتنے کے بعد نشنک کو اہم وزارت دینے سے صاف پتہ چلتا ہے کہ دہلی میں ان کی گرفت کتنی مضبوط ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔