سیاسی جنگ میں ناکامی کے بعد بی جے پی نے ایجنسیوں کو کام پر لگا دیا: نیشنل کانفرنس

نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے کہا کہ حالیہ تاریخ گواہ ہے کہ کس طرح بی جے پی مختلف ایجنسیوں اور دھمکی آمیز حربوں کا سہارا لیکر ملک بھر میں حزب اختلاف کے رہنمائوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: نیشنل کانفرنس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے خلاف سیاسی طور پر جنگ میں ملی ناکامی کے بعد بی جے پی نے اپنی ایجنسیوں کو کام پر لگا دیا ہے۔ پارٹی ترجمان عمران نبی ڈارنے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو ای ڈی کا نوٹس صاف طور پر اُس سیاسی جماعتوں کے اتحاد کا نتیجہ ہے جو وہ جموں وکشمیر میں قائم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ یہ سمن بی جے پی کے نظریہ اور تقسیمی سیاست کی مخالفت کرنے کا بوکھلاہٹ پر مبنی ردعمل ہے۔

عمران نبی ڈار نے کہا کہ حالیہ تاریخ گواہ ہے کہ کس طرح بی جے پی مختلف ایجنسیوں اور دھمکی آمیز حربوں کا سہارا لے کر ملک بھر میں حزب اختلاف کے رہنمائوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ ای ڈی میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی تازہ طلبی اسی کی ایک کڑی ہے۔ پارٹی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے خلاف حالیہ سمن کے وقت سے سیاسی انتقام گیری صاف طور پر واضح ہوجاتی ہے۔ انہیں پچھلا سمن 5 اگست 2019 کے چند روز قبل بھیجا گیا اور اب عوام تحرک برائے گپکار اعلامیہ کی تشکیل کے چند ہی دن بعد اور سمن آجاتا ہے۔


نیشنل کانفرنس ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنی بے گناہی کو برقرار رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے ماضی میں بھی تحقیقاتی ایجنسیوں کو مکمل تعاون دیا تھا اور مستقبل میں بھی حکام کے ساتھ تعاون کریں گے۔ دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران عبدالرحیم راتھر، محمد شفیع اوڑی، میاں الطاف احمد، مبارک گل، چودھری محمد رمضان، محمد اکبر لون، پیرزادہ غلام احمد شاہ، دیوندر سنگھ انا، شمیمہ فردوس، سکینہ ایتو، نذیر احمد خان گریزی، حسنین مسعودی، قمر علی آخون، علی محمد ڈار، ڈاکٹر بشیر ویری، شمی اوبرائے، ایس ایس سلاتیہ، اجے سدھوترا، رتن لعل گپتا، آر ایس وزیر، سجاد احمد کچلو، برج موہن شرما، خالد نجیب سہروردی، جاوید احمد رانا، ایس نمگیال، حنیفہ جان، مشتاق احمد بخاری اور بملا لوتھرا نے انفورس ڈیپارٹمنٹ میں نیشنل کانفرنس صدر فاروق عبداللہ کی طلبی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے نئی دلی کی بوکھلاہٹ قرار دیا ہے۔

پارٹی لیڈران نے کہا کہ مرکز جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن کی بحالی کے لئے اٹھ رہی آواز کو دبانے کے لئے سیاسی انتقام گیری سے کام لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے فیصلوں کے خلاف ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی قیادت میں سیاسی جماعتوں کا اتحاد ایک مضبوط آواز بن کر ابھرا ہے اور اس اتحاد نے بی جے پی کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ این سی لیڈران نے مزید کہا کہ بھاجپا اس تحریک کو کمزور کرنے کے لئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو سیاسی انتقام گیری کے تحت نشانہ بنا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی دلی کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہئے کہ ایسے حربوں سے ہمارے عزم و استقلال میں ذرا برابر بھی فرق نہیں پڑ ے گا اور نیشنل کانفرنس ہر حال میں جموں و کشمیر کے لوگوں کے احساسات اور جذبات کی ترجمان کرتی رہے گی اور تینوں خطوں کے عوام کے حقوق کی بحالی کے لئے اپنی جدوجہد جاری و ساری رکھے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔