بی جے پی نے انتخابی کمیشن کو دِکھایا ’ٹھینگا‘، یوگی کے بعد نقوی نے بھی فوج کو بتایا ’مودی کی سینا‘

یوگی آدتیہ ناتھ کے بعد مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی ایک ویڈیو میں فوج کو ’مودی جی کی سینا‘ کہتے ہوئے نظر آئے ہیں۔ اس بیان کے بعد انتخابی کمیشن نے نقوی کو بھی نوٹس بھیج دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

انتخابی کمیشن کی ہدایات کا بی جے پی پر کوئی اثر نہیں پڑ رہا ہے۔ بی جے پی لیڈران اور مودی حکومت کے وزیر لگاتار انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے تو فوج کو ’مودی کی سینا‘ تک کہہ دیا تھا جس کے لیے انھیں انتخابی کمیشن نے نوٹس بھی بھیجا۔ لیکن اس کا بھی اثر بی جے پی پر نہیں پڑا۔ اب مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے یوگی کے بیان کو ہی دہراتے ہوئے انتخابی کمیشن کو ’ٹھینگا‘ دکھا دیا ہے۔ یہ بیان دیتے ہوئے مختار عباس نقوی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہو رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ رام پور سے بی جے پی امیدوار جیہ پردا کی حمایت میں منعقد ایک جلسہ کے دوران مختار عباس نقوی نے یہ بیان دیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق رام پور میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نقوی نے کہا کہ مودی کی سینا تو دہشت گردوں کو ان کے گھروں میں گھس کر مار رہی ہے۔ اس بیان کے سامنے آنے کے بعد انتخابی کمیشن میں شکایت بھی کی گئی جس کے پیش نظر ان کے خلاف نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ انتخابی کمیشن نے اتر پردیش انتخابی کمیشن سے اس بیان پر رپورٹ طلب کیا ہے۔ اس رپورٹ میں بیان کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی شامل کی جائے گی۔ ماہرین کی ایک ٹیم اس ویڈیو کی جانچ باریکی سے کرے گی۔ بعد ازاں کارروائی کے متعلق کسی طرح کا فیصلہ لیا جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہندوستانی فوج کو ’مودی کی سینا‘ کہہ کر مخاطب کیا تھا۔ یوگی نے کہا تھا کہ مودی جی کی سینا نے دہشت گردوں کو گھر میں گھس کر مارا ہے۔ اس بیان کے بعد اپوزیشن پارٹیوں نے سوال اٹھایا تھا اور انتخابی کمیشن نے بیان کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے یوگی کے نام نوٹس جاری کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Apr 2019, 1:09 PM