وزیر دفاع راج ناتھ کا ’پتہ کاٹ کر‘ پی ایم مودی خود پہنچ گئے لداخ!

مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ کا لداخ دورہ ملتوی کیے جانے اور پھر اچانک پی ایم مودی کے لداخ پہنچنے سے ایک بار پھر ظاہر ہو گیا ہے کہ پی ایم ’خاص مواقع‘ پر خود کو ’ہائی لائٹ‘ کرنے کا موقع نہیں گنوا سکتے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز تجزیہ

پی ایم مودی نے جمعہ کی صبح اچانک لیہہ (لداخ) پہنچ کر سبھی کو حیران کر دیا۔ جیسے ہی ان کے لیہہ واقع نیمو پوسٹ پہنچنے کی بھنک میڈیا کو ملی، زبردست کوریج شروع ہو گئی۔ سرخیاں تو بننی ہی تھیں کیونکہ پی ایم مودی ہند-چین سرحد تنازعہ کے درمیان اس ایل اے سی (لائن آف ایکچوئل کنٹرول) کے حالات کا جائزہ لینے پہنچ گئے جہاں مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو پہنچنا تھا۔ راج ناتھ کے لداخ دورے کی تیاریاں مکمل ہو چکی تھیں، اور انھیں جمعہ کو ہی لیہہ پہنچنا تھا، لیکن جمعرات کو اچانک یہ دورہ رد کر دیا گیا اور اس کے اسباب کے بارے میں بھی نہیں بتایا گیا۔ بس ایسی خبریں سامنے آئیں کہ بہت جلد راج ناتھ سنگھ لداخ کا دورہ کریں گے اور وہاں ہندوستان و چین کے فوجیوں کےد رمیان سرحد پر تقریباً 7 ہفتہ سے جاری کشیدہ حالات کا جائزہ لیں گے۔ لیکن اب شاید راج ناتھ کا دورہ ملتوی ہونے کی وجہ سامنے آ گئی ہے اور پی ایم مودی نے ایک بار پھر ظاہر کر دیا ہے کہ 'خاص مواقع' پر وہ خود کو 'ہائی لائٹ' کرنے کا موقع نہیں گنوا سکتے۔

جی ہاں، جمعہ کی علی الصبح اچانک پی ایم مودی کا لیہہ دورہ تو یہی ظاہر کرتا ہے کہ وہ چین کے ساتھ جاری سرحد تنازعہ پر بھی کیمرے کے سامنے اپنا ہی چہرہ دکھانا چاہتے ہیں۔ حالانکہ اس سلسلے میں مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو آگے کیا جانا چاہیے تھا۔ لیکن کیمرے کے پیچھے جو میٹنگیں ہوتی ہیں، اس میں تو راج ناتھ سنگھ ہوتے ہیں اور جہاں کیمرے کی لائٹ چمکنے والی تھی، وہاں اچانک راج ناتھ کا دورہ ملتوی کر کے پی ایم مودی خود پہنچ جاتے ہیں۔ حتیٰ کہ راج ناتھ سنگھ کو اپنے ساتھ لے جانا بھی انھیں گوارا نہیں ہوا۔


حیرانی کی بات تو یہ ہے کہ گزشتہ روز قوم کے نام خطاب میں انھوں نے چین کے تعلق سے کچھ بھی نہیں بولا، اور اپوزیشن پارٹیوں کے ذریعہ وادی گلوان سے متعلق پوچھے جا رہے سوالوں کا کوئی جواب بھی وہ نہیں دے رہے، لیکن راج ناتھ کا پتہ کاٹ کر لیہہ پہنچ جاتے ہیں۔ ساتھ میں سی ڈی ایس بپن راوت اور آرمی چیف ایم ایم نرونے بھی رہتے ہیں اور ایسا ظاہر کیا جا رہا ہے جیسے چین سے مقابلہ کرنے کے لیے خود پی ایم مودی وہاں پہنچے ہیں۔ اب دیکھنے والی بات تو یہ ہے کہ لیہہ سے واپسی کے بعد پی ایم مودی کیا بیان دیتے ہیں، اور دیکھنے والی بات یہ بھی ہےکہ راج ناتھ سنگھ کب لیہہ کا دورہ کریں گے، اور کیا ان کے دورہ کو اب وہ اہمیت مل پائے گی آج پی ایم مودی کو ملی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Jul 2020, 3:40 PM