جاوید اختر کے بعد سمیر بھی پی ایم مودی پر مبنی فلم کا پوسٹر دیکھ ہوئے چراغ پا

مشہور و معروف نغمہ نگار سمیر نے اپنے ٹوئٹ میں حیرت کا اظہار کرتے ہوئے فلم ’پی ایم نریندر مودی‘ کے تعلق سے لکھا ہے کہ میں نے ایسی کسی فلم میں کوئی نغمہ نہیں لکھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پی ایم نریندر مودی کی بایوپک فلم ’پی ایم نریندر مودی‘ سے متعلق تنازعہ لگاتار بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ فلم ریلیز ہونے میں ابھی کچھ وقت بقی ہے لیکن اس کے پوسٹر کو دیکھ کئی لوگ حیران، پریشان اور ناراض بھی ہیں۔ جاوید اختر کے بعد اب نغمہ نگار سمیر نے بھی فلم میں اپنے نام کا استعمال کیے جانے پر حیرانی ظاہر کی ہے۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ بھی کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’میں نے اس فلم کے لیے کوئی گانا نہیں لکھا۔‘‘

فلم ’پی ایم نریندر مودی‘ کے پوسٹر میں نغمہ نگار کے طور پر اپنا نام دیکھ کر سمیر نے جو ٹوئٹ کیا ہے اس میں واضح لفظوں میں لکھا ہے کہ ’’مجھے حیرت ہے اپنا نام پی ایم نریندر مودی فلم میں دیکھ کر۔ میں نے ایسی کسی فلم میں کوئی گانا نہیں لکھا ہے۔‘‘ سمیر نے یہ ٹوئٹ جمعہ یعنی 22 مارچ کی شب تقریباً 10 بجے کیا۔ ہنگامہ برپا ہونے کے بعد ’پی ایم نریندر مودی‘ کے فلمسازوں میں سے ایک سندیپ سنگھ نے 23 مارچ کو ایک بیان جاری کیا ہے۔ اس بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ فلم کے لیے انھوں نے جاوید اختر اور سمیر کے لکھے دو پرانے نغموں کا استعمال کیا ہے۔ انھوں نے بتایا ہے کہ ایک نغمہ دیپا مہتا کی فلم 1947-اَرتھ کا ’ایشور اللہ‘ ہے اور دوسرا نغمہ مکل ایس آنند کی ادھوری فلم ’دس‘ میں شامل ’سنو غور سے دنیا والو‘ ہے۔ بیان میں سندیپ سنگھ نے یہ بھی بتایا کہ دونوں نغموں کا کاپی رائٹ میوزک کمپنی ٹی سیریز کے پاس ہے اور انھوں نے یہ دونوں نغمے ٹی سیریز سے لے کر فلم میں ڈالے ہیں۔ لیکن حیرانی کی بات یہ ہے کہ اس کی خبر نہ ہی جاوید اختر کو دی گئی اور نہ ہی سمیر کو۔

واضح رہے کہ سمیر سے پہلے جاوید اختر نے فلم ’پی ایم نریندر مودی‘ کے پوسٹر میں اپنا نام بطور نغمہ نگار ڈالے جانے پر حیرانی اور ناراضگی ظاہر کی تھی۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ "اپنا نام فلم کے پوسٹر پر دیکھ کر میں حیران ہوں۔ میں نے اس فلم کا کوئی بھی نغمہ نہیں لکھا ہے۔" دراصل فلم کے پوسٹر میں نغمہ نگاروں کی فہرست میں جو نام لکھا گیا ہے وہ اس طرح ہے... جاوید اختر، پرسون جوشی، سمیر، ابھیندر کمار اپادھیائے، پاری جی اور لاوراج۔ اس فہرست میں اپنا نام دیکھ کر جاوید اختر کافی ناراض ہوئے اور حیرانی ظاہر کرتے ہوئے صاف کر دیا کہ انھوں نے اس فلم کے لیے کوئی نغمہ نہیں لکھا۔

قابل ذکر ہے کہ فلم 'پی ایم نریندر مودی' کی ہدایت کاری اومنگ کمار نے کی ہے اور اس میں مودی کے بچپن سے لے کر وزیر اعظم بننے تک کی داستان بیان کی گئی ہے۔ فلم میں وویک اوبرائے پی ایم مودی کے کردار میں نظر آ رہے ہیں۔ ان کے علاوہ فلم میں بومن ایرانی، برکھا بشٹ، منوج جوشی، پرشانت نارائن، راجندر گپتا، زرینہ وہاب اور انجن شریواستو بھی اہم کردار نبھا رہے ہیں۔ یہ فلم آئندہ 5 اپریل کو ریلیز ہونے والی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔