عآپ اراکین اسمبلی اور وزراء کے لیے بری خبر، لوک سبھا انتخابات میں کسی کو نہیں ملے گا ٹکٹ

عام آدمی پارٹی لیڈر گوپال رائے کا کہنا ہے کہ 2019 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لیے پارٹی کے اراکین اسمبلی ٹکٹ کے خواہشمند ہیں، لیکن ہم انھیں ٹکٹ نہیں دیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

عام آدمی پارٹی نے اپنے ان موجودہ اراکین اسمبلی اور وزراء کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے جو 2019 لوک سبھا انتخابات میں ٹکٹ کے خواہاں تھے۔ پارٹی نے واضح لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ کچھ مہینوں بعد ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں وہ کسی بھی رکن اسمبلی اور وزیر کو ٹکٹ نہیں دے گی۔ پارٹی کے دہلی یونٹ کے سربراہ گوپال رائے نے منگل کو اس بات کی جانکاری دی۔ صحافیوں کے ذریعہ پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پارٹی کے اراکین اسمبلی ٹکٹ لینے کے خواہشمند ہیں، لیکن ہم انھیں ٹکٹ نہیں دیں گے۔

گوپال رائے نے یہ بھی کہا کہ دہلی، پنجاب اور ہریانہ میں لوک سبھا انتخابات کے لیے پارٹی کے امیدواروں کا اعلان الیکشن نوٹیفکیشن جاری ہونے سے کافی پہلے کر دیا جائے گا۔ پارٹی نے پہلے دہلی کی 7 لوک سبھا سیٹوں میں سے 6 کے انچارج کا اعلان کر دیا ہے۔ مغربی دہلی سیٹ سے ابھی تک انچارج کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

غور طلب ہے کہ عام آدمی پارٹی نے کچھ ہی مہینوں بعد ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں 3 ریاستوں میں تنہا انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں ابھی تقریباً 3 مہینہ وقت ہے، لیکن ابھی سے پارٹی انتخابات سے متعلق سرگرم ہو گئی ہے۔ اندرونی رسہ کشی سے نبرد آزما ہونے کے بعد پارٹی کی یہ کوشش ہے کہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بہتر کارکردگی پیش کرے۔ یہی وجہ ہے کہ انتخابات سے پہلے عآپ پھونک پھونک کر قدم رکھ رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔