دہلی: الکا لامبا پر عآپ کارکن کا نازیبا تبصرہ، ملزم گرفتار

پولیس اور کیمروں کی موجودگی میں ہرمیش یادو نے الکا لامبا پر قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔ اس کے بعد پولنگ اسٹیشن کے باہر کانگریس اور عآپ حامیوں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہو گئی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخابات کے لئے ووٹنگ کے دوران چاندنی چوک اسمبلی سیٹ سے کانگریس امیدوار الکا لامبا کے ساتھ پولنگ مرکز کے سامنے عام آدمی پارٹی (عآپ) کے ایک کارکن نے بدسلوکی کی۔ جس کے بعد وہاں ہنگامہ ہو گیا۔ دہلی پولیس نے عآپ کے کارکن ہرمیش یادو کو الکا لامبا پر نازیبا تبصرہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔


ہرمیش یادو نے پولیس اور کیمروں کی موجودگی میں الکا لامبا پر قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔ اس کے بعد پولنگ اسٹیشن کے باہر کانگریس اور عآپ حامیوں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہو گئی۔

یہ واقعہ سنیچر کو 11.30 بجے چاندنی چوک کے مجنوں کا ٹیلہ میں پیش آیا۔ کانگریس کی امیدوار الکا لامبا یہاں بوتھ کا جائزہ لینے کے لئے پہنچی تھیں۔ پولنگ بوتھ سے باہر آنے پر انہوں نے عآپ کے امیدوار پرہلاد سنگھ ساہنی کے بیٹے پورن سنگھ ساہنی اور عآپ کے دیگر کارکنوں سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے ہاتھ جوڑ کر عآپ کے رہنماؤں سے سے کہا، میری طرف سے آپ کو نیک خواہشات۔‘‘


دہلی: الکا لامبا پر عآپ کارکن کا نازیبا تبصرہ، ملزم گرفتار

الکا کی نیک خواہشات کے جواب میں عآپ کے کارکن ہرمیش یادو نے ان پر نازیبا تبصرہ کیا۔ تاہم الکا لامبا نے کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا۔ لیکن جب ہرمیش یادو لگاتار نازیبا الفاظ کا استعمال کرتے رہا تو الکا لامبا کو غصہ آ گیا۔ انہوں نے ہرمیش کو تھپڑ مارنے کی کوشش کی جو اس کو نہیں لگا۔


اس سارے واقعے پر الکا لامبا نے میڈیا سے کہا، ’’ہرمیش یادو جو عام آدمی پارٹی کے کارکن ہیں اور جن کو میں اچھی طرح جانتی ہوں، انہوں نے مجھے سب کے سامنے گندی گالیاں دیں۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’ہرمیش نے اتنے گھناؤنے الفاظ کا استعمال کیا، کہ میں دوہرا بھی نہیں سکتی۔ ایک طرف کیجریوال خواتین کی عزت اور حفاظت کے لئے کیمرے لگانے جیسی باتیں کہتے ہیں اور دوسری طرف خواتین پر نازیبا تبصرے اور گالیاں دینے والوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا، ’’پرہلاد سنگھ ساہنی کے بیٹے نے ہرمیش یادو کو گالیاں دینے کے لئے اکسایا تھا۔ گزشتہ انتخابات میں خود کیجریوال نے پرہلاد سنگھ ساہنی کو بدعنوان قرار دیا تھا اور اس انتخاب میں کیجریوال انتخاب جیتنے کے لئے ساہنی کے ہر حربے کی حمایت کر رہے ہیں۔‘‘


موقع پر موجود عآپ کارکن لکشیت نے بھی واقعے کے لئے ہرمیش یادو کو قصوروار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہرمیش یادو نے بلا وجہ خاتون امیدوار کے ساتھ بدتمیزی کی۔ لکشیت کے مطابق، ’’ہرمیش پارٹی میں بھی بہت سے کارکنوں کے ساتھ بدسلوکی کرتا رہتا ہے، جس کی کئی بار شکایت بھی ہو چکی ہے۔‘‘

پولنگ بوتھ پر ووٹر پرچی اور آئی ڈی کارڈ دکھاتی ہوئیں الکا لامبا
پولنگ بوتھ پر ووٹر پرچی اور آئی ڈی کارڈ دکھاتی ہوئیں الکا لامبا

الکا نے دہلی پولیس سے اس معاملے کی شکایت کی ہے اور بقول ان کے، مقامی ایس ایچ او نے سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ملزم کو دہلی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

عآپ کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے اس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ الیکشن کمیشن میں الکا لامبا کے خلاف معاملہ درج كرائیں گے۔ لامبا نے ٹیگور گارڈن ایکسٹینشن کی پولنگ مرکز نمبر- 161 میں ووٹ دیا۔ وہ چاندنی چوک سے ’عآپ ‘کے امیدوار پرہلاد سنگھ ساہنی اور بھارتیہ جنتا پارٹی اميدوار سمن گپتا کے خلاف الیکشن لڑ رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */