نوئیڈا میں ڈاکٹر اور گریٹر نوئیڈا میں نرس بھی کورونا پازیٹو، کب سنبھلے گی مودی حکومت!

گریٹر نوئیڈا کے سیکٹر گاما وَن میں رہنے والی نرس نوئیڈا کے سیکٹر 39 واقع نئے ضلع اسپتال کے کوارنٹائن سنٹر میں کام کر رہی تھی۔ کووڈ-19 مریضوں کی دیکھ بھال کےد وران ہی وہ اس وائرس کی زد میں آ گئی۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں کورونا انفیکشن کے شکار مریضوں کا علاج کر رہے ڈاکٹروں اور دیگر طبی اہلکاروں کے بھی کورونا کی زد میں آنے کا سلسلہ بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ تازہ معاملہ نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا سامنے آیا ہے جہاں ایک ڈاکٹر اور ایک نرس کووڈ-19 پازیٹو پائے گئے ہیں۔ 16 اپریل کو ان دونوں میں کورونا وائرس ہونے کی تصدیق کی گئی۔ اس خبر کے سامنے آنے کے بعد ایک بار پھر مودی حکومت کی لاپروائی کے خلاف آواز اٹھنے لگی ہے کہ آخر کب وہ سنبھلے گی اور مشکل وقت میں اپنی جان جوکھم میں ڈال کر کووڈ-19 مریضوں کا علاج کر رہے طبی اہلکاروں کو ضروری پی پی ای دستیاب کرائے گی۔

میڈیا ذرائع کے مطابق گریٹر نوئیڈا کے سیکٹر گاما وَن میں رہنے والی نرس نوئیڈا کے سیکٹر 39 واقع نئے ضلع اسپتال میں کام کر رہی تھی۔ گوتم بدھ نگر کے ضلع نگرانی افسر نے بتایا کہ 26 سالہ اسٹاف نرس ضلع اسپتال کے کوارنٹائن سنٹر میں کام کر رہی تھی اور وہ خود کورونا انفیکشن کی زد میں آ گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ نرس کو علاج کے اسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔


دوسری طرف نوئیڈا کے سیکٹر 20 میں رہنے والے ڈاکٹر میں کورونا انفیکشن کی تشخیص ہوئی ہے۔ وہ ایک گیسٹرو اینٹرولاجسٹ ہیں اور انھوں نے اپنا کورونا ٹیسٹ ایک پرائیویٹ لیب سے کروایا ہے۔ لیب نے ان کی رپورٹ پازیٹو بتائی ہے۔ علاج کے لیے ڈاکٹر کو ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور ان کی حالت اس وقت مستحکم بتائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ ابھی زیادہ دن نہیں ہوئے ہیں جب نوئیڈا میں ہی ایک ڈاکٹر کو کورونا وائرس کا انفیکشن ہو چکا ہے۔ ڈاکٹر نوئیڈا کے سپر اسپیشلٹی چائلڈ ہاسپیٹل میں بنائے گئے آئسولیشن وارڈ میں کام کر رہے تھے۔ اس طرح کے درجنوں معاملے اب تک سامنے آ چکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی، جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کئی بار طبی اہلکاروں کو پی پی ای دستیاب کرانے کی اپیل کر چکے ہیں۔ کئی اسپتال کے ذمہ داران بھی پی پی ای نہ ہونے کی بات میڈیا کے سامنے کہہ چکے ہیں جس کی وجہ سے طبی اہلکاروں پر کووڈ-19 مریضوں کا علاج کرنے کے دوران خطرہ منڈلاتا رہتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔