دلشاد گارڈن میں نفرت انگیز پروگرام معاملہ پر جمعیۃ علماء ہند کے وفد کی اسپیشل سی پی دہلی پولیس سے ملاقات

جمعیۃ علماء ہند کے وفد نے پولیس کمشنر سے مطالبہ کیا کہ مسلمانوں کو مٹانے اور ان کا اقتصادی بائیکاٹ کرنے والوں کے خلاف نامزد ایف آئی آر درج کی جائے۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز
user

پریس ریلیز

نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں ایک وفد نے آج اسپیشل سی پی لاء اینڈ آرڈر دہلی پولیس دیپندر پاٹھک سے دہلی پولیس ہیڈکوارٹر واقع جے سنگھ روڈ پر ملاقات کی اور شمال مشرقی دہلی کے جنتا فلیٹ رام لیلا گراؤنڈ دلشاد گارڈن میں نفرت انگیز پروگرام منعقد کرنے اور مسلمانوں کے خلاف اکثریتی طبقہ کو اکسانے والوں پر سخت کارروائی کامطالبہ کیا۔

اس سلسلے میں صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کی طرف سے ایک یادداشت بھی ان کو سونپی گئی۔ وفد نے پولیس کمشنر سے مطالبہ کیا کہ مسلمانوں کو مٹانے اور ان کا اقتصادی بائیکاٹ کرنے والوں کے خلاف نامزد ایف آئی آر درج کی جائے، اور اب تک جو کچھ بھی کارروائی عمل میں آئی ہے وہ تشفی بخش نہیں ہے۔ یہ ملک میں لاء اینڈ آرڈ ر پر لوگوں کے اعتماد کا بھی مسئلہ ہے۔ یہ تبھی قائم ہوگا جب چاہے کوئی ایم پی ہو یا ایم ایل اے، اگر اس نے ملک کی سالمیت اور وقار کو چیلنج کیا ہے تو اس کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے اور آئین و قانون کی بالادستی کو مستحکم کیا جائے۔


وفد نے کہا کہ دوسری طرف ملک کی اقلیت کے سلسلے میں پولیس کے کردار کا بھی مسئلہ ہے۔ دہلی ملک کی راجدھانی ہے، اگر ایسی حساس جگہ پر کسی ایک مخصوص کمیونٹی کو مارنے کاٹنے اور بائیکاٹ کا اعلان کیا جائے اور پولس کی چوکسی ظاہر نہ ہو تو اس کا اثر بین الاقوامی سطح پر بھی پڑتا ہے۔ جمعیۃ علماء ہند جو پورے ملک میں امن و امان قائم کرنے کے لیے ایک ہزار سے زائد سدبھاؤنا سنسد کر رہی ہے، وہ اس کو ہرگز قبول نہیں کر سکتی کہ ملک کی نیک نامی متاثر ہو اور ملک انارکی کی راہ پر چلا جائے۔

پولیس کمشنر نے ساری باتیں غور سے سننے کے بعد کہا کہ ان کا محکمہ اس سلسلے میں مختلف پہلوؤں سے جانچ کر رہا ہے اور اس سلسلے میں ہماری ایک میٹنگ بھی ہور ہی ہے۔ کسی بھی شخص کو قانون سے آگے بڑھنے یا نفرت پھیلانے کی صورت میں چھوڑا نہیں جائے گا۔ جہاں تک نامزد ایف آئی آر کی بات ہے تو ہم ویڈیو کی فارنسک جانچ کر رہے ہیں، اس سلسلے میں بھی قدم اٹھائیں گے۔


بہرحال، جمعیۃ علماء ہند کے مذکورہ وفد میں سربراہ کے علاوہ مولانا غیور احمد قاسمی سینئر آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند، محمد نوراللہ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، مولانا عظیم اللہ صدیقی قاسمی، ڈاکٹر مشہود عالم انچارج شعبہ جیم جمعیۃ علماء ہند، مولانا معظم عارفی وغیرہ شامل تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔