آگرہ میں خوفناک سڑک حادثہ، 9 افراد ہلاک، 3 زخمی

روہن پرمود نے بتایا کہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ آٹھ افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ایک زخمی نے دم توڑ دیا۔ اسکارپیو میں 12 افراد تھے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

آگرہ: اترپردیش میں ضلع آگرہ کے اعتماد الدولہ علاقہ میں آج صبح ایک خوفناک سڑک حادثے میں ایک اسکارپیو گاڑی میں سوار نو افراد کی موت ہوگئی اور تین دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ ( سٹی ) روہن پرمود نے یہ اطلاع یہاں دی۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی کانپور شاہراہ پر جمعرات کی صبح ٹنڈلہ کی طرف سے تیز رفتار اسکارپیو کار متھرا کی طرف جا رہی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اعتماد الدولہ علاقے میں تیز رفتار اسکارپیو ڈیوائڈر توڑتے ہوئے دوسری سمت چلی گئی اور آگرہ کے رام باغ سے آنے والے کنٹینر سے ٹکرا گئی۔

انہوں نے بتایا کہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ آٹھ افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ایک زخمی نے دم توڑ دیا۔ اسکارپیو میں 12 افراد تھے۔ سبھی (بہار) کے ضلع گیا سے تعلق رکھنے والے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے سوجیت، سورج دیو اور چھوٹو کمار کو ایس این میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔


انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ تقریباً ایک گھنٹہ کی مشقت کے بعد اسکارپیو میں پھنسے لوگوں کو نکالا جاسکا۔ انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں گڈو کمار ولد شیوانند داس ساکن پھلواریا، ضلع گیا بہار کے علاوہ ببلو پرجاپتی، وکاس کمار، راجیش ناگیندر کمار، سریندر کمار، امان، وپن اور اسکارپیو ڈرائیور انل شامل ہیں۔ روہن پرمود نے بتایا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔