کسان تحریک میں شامل 80 سالہ ’دادی‘ موہندر کور کو ملا ایوارڈ

یوم خواتین کے موقع پر دہلی خواتین کمیشن نے 80 سالہ دادی موہندر کور کو اعزاز سے نوازا، اور ساتھ ہی کمیشن کی سربراہ نے اداکارہ کنگنا رانوت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے سامنے ایک چیلنج بھی پیش کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

زرعی قوانین کے خلاف 100 دنوں سے زیادہ مدت سے چل رہی کسان تحریک میں جب دادی موہندر کور بھٹنڈا میں اپنے گاؤں سے جھنڈا لے کر نکلیں تو پورے ملک نے انھیں سوشل میڈیا پر سلام پیش کیا تھا۔ بین الاقوامی یوم خواتین پر دہلی خواتین کمیشن نے انھیں اعزاز سے نوازا ہے۔ حالانکہ اسی دوران کمیشن کی سربراہ سواتی مالیوال نے دادی کے اعزاز میں فلم اداکارہ اور متنازعہ بیانات دینے کے لیے مشہور کنگنا رانوت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کھلے عام کنگنا کو ایک چیلنج بھی پیش کر دیا۔

دہلی خواتین کمیشن سربراہ سواتی مالیوال نے دادی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں دادی کو سلام پیش کرتی ہوں، بہت دور سے ہمارے درمیان آئی ہیں۔ وہیں مجھے افسوس ہوتا ہے کچھ خواتین ہمارے ملک میں ایسی بھی ہیں جو کہ بولنے سے پہلے کچھ سوچتی نہیں ہیں۔‘‘ بالی ووڈ اداکارہ کنگنا پر نشانہ سادھتے ہوئے مالیوال نے کہا کہ ’’ہماری دادی جو کہ کسانی کرتی ہیں، ان کے لیے قابل اعتراض الفاظ کا استعمال کیا گیا، میں ان کو (کنگنا کو) چیلنج پیش کرتی ہوں کہ ایک دن کسانی کر کے دکھاؤ، ایک دن زمین پر بیٹھ کر خون پسینے سے کھیتی کر کے دکھاؤ۔‘‘


دراصل کنگنا رانوت نے کچھ وقت پہلے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے دادی پر ایک تبصرہ کیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر کافی ہنگامہ بھی ہوا تھا۔ حالانکہ یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ شروعات میں دادی موہندر اس پروگرام میں ایوارڈ لینے نہیں آ رہی تھیں۔ دو سے تین ہفتے تک دادی کو سمجھانا پڑا کہ یہ ایوارڈ مرکزی حکومت نہیں بلکہ دہلی خواتین کمیشن کی جانب سے دیا جا رہا ہے۔ آخر کافی سمجھانے کے بعد وہ دہلی آنے کے لیے راضی ہوئیں۔ حالانکہ دادی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ جب 80 سال کی دادی موہندر کور گاؤں میں کسانی کا جھنڈا لے کر نکلتی ہیں تو سارا گاؤں ’زندہ باد زندہ باد‘ بولتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */