ممتا بنرجی کے گھر کے سامنے 7 راؤنڈ فائرنگ، ایک پولس اہلکار زخمی، سیکورٹی سخت

پولس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ حادثاتی ہو سکتا ہے کیونکہ ایک سیکورٹی گارڈ کے بندوق سے اچانک فائرنگ ہونے کے بعد وہ خود زخمی ہوگیا۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

یو این آئی

کولکاتا: مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کے گھر کے سامنے لاک ڈاؤن کے دوران آج صبح 7 راؤنڈ گولیاں چلیں جس میں ایک پولس اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ فائرنگ میں زخمی پولس اہلکار ایس ایس کے ایم اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ فائرنگ واقعہ کے بعد کالی گھاٹ میں وزیر اعلی کے گھر کے سامنے سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

پولس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ حادثاتی ہو سکتا ہے کیونکہ ایک سیکورٹی گارڈ کے بندوق سے اچانک فائرنگ ہونے کے بعد وہ خود زخمی ہوگیا۔پولس کے مطابق بدھ کی رات دنیش کرماکر نامی سیکورٹی گارڈ وزیر اعلی کے گھر کے سامنے ڈیوٹی پر تھا۔جمعرات کی صبح سیکورٹی گارڈ کی ڈیوٹی کی تبدیلی کے وقت اچانک اس کے اپنے بندوق سے گولی چل گئی جس میں وہ خود ہی زخمی ہوگیا۔ڈیوٹی پر موجود دیگر پولس اہلکاروں نے جاکر دیکھا کہ دنیش خونی حالت میں زمین پر پڑا تھا۔ اسے فوری طور پر ایس ایس کے ایم اسپتال لے جایا گیا۔


زخمی پولس اہلکار کی سرجری ہوئی ہے، تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ زخمی پولس اہلکار کی بندوق سے کس طرح گولی چلائی گئی ہے۔ کلکتہ پولس نے ابھی تک اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔ تاہم خیال کیا جاتا ہے کہ یہ حادثہ آج صبح بندوق کو لوڈ اور ان لوڈ کرتے وقت پیش آیا ہوگا۔ امکان ہے کہ یہ سارا واقعہ غیر ارادی طور پر ہوا ہے۔

پولس کا خیال ہے کہ یہ واقعہ محض ایک حادثہ ہے تاہم اصل وجہ معلوم کرنے کے لئے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔اس کے علاوہ علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی چیک کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں کیوسک میں کام کرنے والے دیگر پولس اہلکاروں سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 Aug 2020, 8:11 PM