سری نگر میں ایک ہی کنبہ کے پانچ اراکین کی دم گھٹنے سے موت

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ منصور کالونی بمنہ میں ہفتہ کی صبح ایک ہی کنبہ کے پانچ اراکین کو مردہ پایا گیا، متاثرہ کنبہ ایک خاتون کے علاج ومعالجہ کے سلسلے میں دوردراز علاقہ ٹنگڈار سے سری نگر آیا ہوا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سرینگر: جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے مضافاتی علاقہ بمنہ میں سرحدی ضلع کپواڑہ کے ٹنگڈار سے تعلق رکھنے والے ایک کنبہ کے پانچ اراکین کی دم گھٹنے سے موت واقع ہوئی ہے۔ مہلوکین میں دو بچے، دو خواتین اور ایک مرد شامل ہیں۔ یہ واقعہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات کے دوران پیش آیا ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ منصور کالونی بمنہ میں ہفتہ کی صبح ایک ہی کنبہ کے پانچ اراکین کو مردہ پایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ کنبہ ایک خاتون کے علاج ومعالجہ کے سلسلے میں دوردراز علاقہ ٹنگڈار سے سری نگر آیا ہوا تھا اور منصور کالونی بمنہ میں ایک کمرہ کرایہ پر لیا تھا۔

سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ ظاہری طور پر اس کنبہ کے پانچ اراکین کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا 'ان کو ہفتہ کی صبح کرایہ کے کمرے میں مردہ پایا گیا۔ انہوں نے ظاہری طور پر گرمی فراہم کرنے والا کوئی آلہ رات بھر چالو رکھا تھا اور نتیجتاً ان کی دم گھٹنے سے موت واقع ہوئی ہے'۔

مہلوکین کی شناخت 45 سالہ خورشید احمد شیخ ولد عبدالرشید، ریشمہ جان زوجہ عبدالرشید، گلشن جان زوجہ خورشید احمد، آٹھ سالہ فیضان احمد شیخ اور پانچ سالہ فرقان احمد شیخ ساکنہ بٹہ پورہ ٹنگڈار کے طور پر ہوئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ انتظامیہ نے مہلوکین کی لاشیں ائرلفٹ کرکے ٹنگڈار پہنچادی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا 'چونکہ ٹنگڈار کو جانے والی سڑک شدید برف باری کی وجہ سے بند پڑی ہے، اس کے پیش نظر مہلوکین کی لاشیں ائرلفٹ کرکے ٹنگڈار پہنچانے کا فیصلہ لیا گیا ہے'۔ دریں اثنا سابق وزیرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے واقعہ پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔

جانوں کے ضیاع پر فاروق اور عمرعبداللہ کا اظہار رنج و الم

نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے بمنہ سری نگر میں دم گھٹنے سے ٹنگڈار (کرناہ) سے تعلق رکھنے والے ایک ہی کنبے کے 5 افراد خانہ کے لقمہ اجل بن جانے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس صدمہ عظیم میں لقمہ اجل بنے افراد کے لواحقین اور پسماندگان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ مرحومین کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور پسماندگان کویہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

دونوں لیڈران نے کہا کہ امسال ہیٹنگ آلات کی وجہ سے دم گھٹنے کے واقعات کی تعداد میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہیٹنگ کے آلات کا صحیح ڈھنگ سے استعمال کریں اور ساتھ ہی انتظامیہ پر بھی زور دیا کہ ہیٹنگ کے آلات کا صحیح استعمال اور منفی اثرات کے بارے میں شوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے جانکاری مہم چلائی جائے تاکہ مستقبل میں انسانی جانوں کے اتلاف کو روکا جاسکے۔

دریں اثناء پارٹی لیڈران نے بانڈی پورہ اور سادھنا ٹاپ پر پیش آئے حادثات میں لقمہ اجل بنے افراد کے لواحقین کے ساتھ بھی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، ضلع صدر کپوارہ قیصر جمشید لون (ایم ایل سی)، سابق ایم ایل اے کرناہ کفیل الرحمن، سابق ایم ایل سی ناصر خان اور ضلع صدر بانڈی پورہ میر غلام رسول ناز نے بھی قیمتی جانوں کے اتلاف پر زبردست صدمے کا اظہار کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔