اتر پردیش: دوسری ریاستوں سے جونپور واپس لوٹے 4 مہاجر مزدوروں کی موت

جن 4 مہاجر مزدوروں کی موت ہوئی ہے ان کے نام اعظم خان (45 سال)، پریم شیلا (45 سال)، جڑاوتی دیوی (40 سال) اور راج کمار موریہ (35 سال) ہیں۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

یو این آئی

جونپور: اترپردیش کے ضلع جونپور میں دیگر ریاستوں سے واپس لوٹے 4مہاجر مزدوروں کی موت ہوگئی۔ ان مہاجر مزدوروں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ پولس ذرائع نے جمعرات کے روز بتایا کہ منگرآباد شاہ پور باشندہ اعظم خان(45) ممبئی سے اسپیشل ٹرین کے ذریعہ بدھ کی دوپہر جونپور جنکشن پہنچے تھے۔یہاں سے انہیں بذریعہ بس مچھلی شہر میں بنے کوارنٹائن سنٹر لے جایا گیا۔ تھرمل اسکریننگ کے لئے سبھی مسافر قطار میں کھڑے تھے کہ اعظم غش کھا کر گر گئے۔علاج کے لئے ضلع اسپتال لے جانے پر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

پولس ذرائع نے مزید بتایا کہ ضلع کے جلالپور علاقے کے تھور گاؤں باشندہ پریم شنکر بدھ اپنی بیوی پریم شیلا(45) اور تین بیٹیوں کے ساتھ ممبئی سے جونپور آئے تھے۔ یہاں پہنچتے ہی پریم شیلا کی طبیعت خراب ہوگئی۔ فوراً انہیں ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں دوران علاج ان کی موت ہوگئی۔ اسی طرح کیراکت کوتوالی علاقے کے بلئی پور باشندہ جڑاوتی دیوی(40)شوہر دنیش جیسوار اور دیگر اہل خانہ کے ساتھ اسپیشل ٹرین میں ممبئی سے آئی تھی۔انہیں کوارنٹائن سنٹر میں داخل کرایا گیا۔جسم کا درجہ حرات زیادہ ہونے پر جڑاوتی کو وہیں روک لیا گیا۔بدھ کو ان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی اور ڈاکٹر نے ضلع اسپتال ریفر کردیا جہاں دیر شام ان کی موت ہوگئی۔


علاوہ ازیں مچھلی شہرکوتوالی علاقے کے جرک پور گاؤں باشندہ راج کمار موریہ(35) چار دن قبل سورت سے واپس آئے تھے۔ وہ گھر میں ہی قرنطینہ میں تھے۔ مقامی افراد کے مطابق گھر آنے کے بعد سے ہی اس کی طبیعت خراب تھی۔ بدھ کی دوپہر بعد طبیعت بگڑنے پر پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کی موت ہوگئی۔محکمہ صحت نے چار میں سے تین متوفین کے نمونے لے کر جانچ کے لئے لیب بھیج دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔