تبلیغی جماعت مرکز کے جلسہ میں شامل 24 افراد کورونا پازیٹو، 9 لوگوں کی ہو چکی ہے موت

نظام الدین واقع تبلیغی جماعت مرکز میں تقریباً 1500 لوگ موجود تھے جن میں سے 1033 لوگوں کو باہر نکالا جا چکا ہے۔ 700 لوگوں کو کوارنٹائن سنٹر بھیجا گیا ہے جب کہ 334 افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات کے درمیان نظام الدین واقع تبلیغی جماعت مرکز اس وقت کورونا وائرس انفیکشن کی زد میں نظر آ رہا ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق مرکز میں موجود جن لوگوں کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا ہے ان میں سے اب تک 24 لوگوں کی رپورٹ پازیٹو آئی ہے۔ دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے میڈیا کو یہ جانکاری دی اور کہا کہ اب تک مرکز سے 1033 لوگوں کو باہر نکالا جا چکا ہے اور ابھی کئی لوگوں کا کورونا ٹیسٹ بھی کرایا جانا باقی ہے۔

ستیندر جین نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ جن 1033 لوگوں کو مرکز سے باہر نکالا گیا ہے ان میں سے 334 لوگوں کو اسپتال بھیجا گیا ہے جب کہ 700 لوگوں کو کوارنٹائن سنٹر بھیج دیا گیا ہے۔ مرکز پر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم موجود ہے اور وہاں ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ مرکز کے آس پاس کے علاقوں کو بھی سینیٹائز کیا جا رہا ہے تاکہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔


قابل ذکر ہے کہ مرکز میں تقریباً 1500 لوگ ٹھہرے ہوئے تھے جنھیں پیر کی صبح سے باہر نکالنے کا عمل شروع ہوا۔ 13 سے 15 مارچ تک مرکز میں ہوئے جلسہ میں شامل 9 لوگوں کی اب تک کورونا انفیکشن کی وجہ سے موت ہو گئی ہے۔ مہلوکین میں تلنگانہ سے لے کر کشمیر تک کے لوگ شامل ہیں۔ سب سے پہلے کشمیر کے ایک بزرگ کی موت کورونا سے مرنے کی خبر سامنے آئی جو مرکز کے جلسہ میں شامل ہوئے تھے۔ اس کے بعد ہی دہلی پولس اور عالمی صحت ادارہ نے پیر کی صبح سرگرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مرکز کو خالی کرانے کا عمل شروع کیا۔ یہاں ٹھہرے کئی لوگوں کو کھانسی، زکام اور بخار کی شکایت تھی اس لیے فوری طور پر تقریباً 300 لوگوں کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا ہے جن میں سے کئی کی رپورٹ آنی ابھی باقی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔