گجرات میں تیز بارش کے بعد کئی گاؤں سیلاب کی زد میں، نرمدا پشتہ کے 23 گیٹ کھول دئے گئے

راجدھانی دہلی میں بادل چھائے رہنے، 30  سے 40 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے یلو الرٹ جاری کیا ہے

<div class="paragraphs"><p>گجرات میں بارش (فائل)/ یو این آئی</p></div>

گجرات میں بارش (فائل)/ یو این آئی

user

قومی آوازبیورو

ملک کی کئی ریاستوں میں مانسون کی بارش کا قہر جاری ہے۔ بارش سے اب تک کئی ریاستوں میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ عوامی زندگی بھی بُری طرح متاثر ہوئی ہے۔ گجرات میں بھی شدید بارش نے تباہی پیدا کر رکھی ہے جس کی وجہ سے سردار سروور نرمدا پشتہ کے 23 گیٹ کو کھولنا پڑا ہے۔ تیز بارش سے احمد آباد، گاندھی نگر، سورت، راجکوٹ کے علاوہ جنوبی گجرات اور سوراشٹر کے کئی گاؤں سیلاب کی زد میں آ گئے ہیں۔  گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک خاتون سمیت 3 لوگوں کی موت کی بھی اطلاع ہے۔ تیز بارش اور سیلاب کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے وزیر داخلہ امت شاہ نے وزیراعلیٰ بھوپندر پٹیل کو مرکزی حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

راجدھانی دہلی میں منگل کو دن بھر بادل چھائے رہنے، ہلکی سے درمیانہ سطح پر بارش ہونے کا امکان ہے اور اس دوران 30  سے 40 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے صورتحال کے پیش نظر یلو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ آنے والے دنوں 28، 29 اور 30 اگست کو بھی یہاں یکساں موسم ہونے اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔


ملک کی دیگر ریاستوں کی بات کی جائے تو جنوبی راجستھان، کونکن اور گوا میں ہلکی سے درمیانہ سطح کی بارش کے ساتھ کچھ مقامات پر تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق انڈمان اور نکوبار جزائر گروپ، مغربی بنگال کے گنگا کے علاقے، جھارکھنڈ، جنوبی بہار، شمال مشرقی مدھیہ پردیش اور جنوب مشرقی اترپردیش میں بھی ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ شمال مشرقی ہند میں سکم، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، اوڈیشہ، راجستھان، مغربی اترپردیش، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، ساحلی کرناٹک اور آندھرا پردیش شمالی ساحل پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر، پنجاب، ہریانہ، راجستھان، ودربھ، مراٹھواڑا، وسطی مہاراشٹر، تلنگانہ، تمل ناڈو، کیرلہ، آندھرا پردیش اور لکدشدیپ میں ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔